کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے مقتول کارکن وقاص شاہ کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم آصف علی کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
رینجرز نے سخت سیکیورٹی میں ملزم آصف علی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جب کہ اس موقع پر عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزم نے 11 مارچ کو عزیزآباد میں آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے وقاص شاہ نامی ایم کیو ایم کے کارکن کو قتل کردیا تھا۔
تاہم اس حوالے سے ملزم سے تفتیش کے لئے 14 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم آصف علی کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ایک اور ملزم شیرمحمد شیخ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جس پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے قتل کے الزامات تھے جسے عدالت نے 90 روزہ جسمانی ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر شہداد پور میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم آصف علی کو گرفتار کیا تھا۔