اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سیاسی مفادات کے حصول کے لیے مسلح گروہ بنانے والے لوگوں کے خلاف ہے،ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے لیے فنڈ جمع کرنے والے اور انہیں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے والے دہشت گردوں کے ہمدرد ہیں۔ پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا کہ ہماری جنگ سیاسی مفادات کے حصول کیلئے مسلح گروہ بنانے والوں سے ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ میڈیا ہراس آدمی کا انٹرویو کرسکتا ہے جونفرت ،تعصب اورجبر و تشد کی بات نہ کرے۔ اس سوال کے جواب میں کہ دہشت گردوں کے ہمدرد کون ہیں، پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے لیے فنڈ جمع کرنے والے اور انہیں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے والے دہشت گردوں کے ہمدرد ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن پر فوج کو بے دخل کرنے کا الزام غلط ہے۔