جنگ کا خاتمہ جنگ سے ممکن نہیں، ملالہ یوسف زئی

 Malala Yousafzai

Malala Yousafzai

نیو یارک (جیوڈیسک) ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ جنگ کا خاتمہ جنگوں سے نہیں ہو سکتا، عالمی برادری اگر پاکستان، افغانستان اور شام میں امن دیکھنا چاہتی ہے تو ٹینک اور ہتھیار نہیں، کتابیں اور قلم بھیجے۔ ملالہ یوسف زئی نیو یارک میں اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب میں ملالہ یوسف زئی کو کلنٹن گلوبل سٹیزن ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ اردن کی ملکہ رانیا نے دیا۔ شرکاء سے خطاب میں ملالہ کا کہنا تھا کہ خواتین کو برابری کے حقوق نہیں ملتے اور کہیں تو انہیں انسان بھی نہیں سمجھا جاتا۔ ملالہ کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال ترقی یافتہ ممالک میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

امریکا تک میں خواتین سے امتیازی سلوک ہوتا ہے، یہاں ابھی تک کوئی خاتون صدر نہیں آ سکی۔ ملالہ یوسف زئی نے عالمی رہنماوں سے اپیل کی کہ وہ دنیا کودرپیش مسائل کے حل کے لیے تعلیم پرتوجہ مرکوز کریں۔