واشنگٹن (جیوڈیسک) واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ، وائٹ ہاوس اور محکمہ انصاف سمیت کئی اہم عمارتوں کی بجلی اچانک غائب ہو گئی جس کے بعد محمکہ خارجہ میں ہونے والی پریس بریفنگ روکنا پڑ گئی۔
محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خارجہ کی مرکزی عمارت سمیت اردگرد کی کئی عمارتیں تاریکی میں ڈوب گئیں جس کے باعث روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پریس بریفنگ روک دی گئی۔ بیان کے مطابق ان عمارتوں کو بجلی فراہم کرنے والے فیڈرز اچانک ٹرپ کر گئے۔
دوسری جانب بریک ڈاؤن کے باعث وائٹ ہاوس سمیت کئی اہم سرکاری ادارے بھی اندھیرے میں ڈوب گئے جب کہ میٹرو ٹرین سروس بھی شدید متاثر ہوئی۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اچانک بجلی کی بندش کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔