واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کی مغربی ریاستوں کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ واشنگٹن کے جنگلا ت میں آگ بجھانے کے دوران تین فائر فائٹرز ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
واشنگٹن اور کیلی فورنیا سمیت مغربی ریاستوں کے جنگلات میں لگی آگ پر ایک ہفتے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ آگ نے وسیع رقبے پر پھیلے جنگلات کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ریسکیو ورکرز اور فائر فائٹرز کے سیکڑوں اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں جب کہ ہیلی کاپٹرز اور طیاروں کے ذریعے کیمیکل پھینک کر بھی آگ بجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آگ سے جنگلات کے قریب مکانات بھی متاثر ہوئے ہیں اور کئی خاندان اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
واشنگٹن میں آگ بجھانے کی کوششوں میں 3 فائر فائٹرز ہلاک ہوگئے۔ کیلیفورنیا میں حکام نے قریبی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔