واشنگٹن: امریکی نیوی ہیڈ کوارٹرز پر فائرنگ، 12 افراد ہلاک

Washington Firing

Washington Firing

واشنگٹن (جیوڈیسک) واشنگٹن میں امریکی بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز پر فائرنگ سے 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امریکی بحریہ کے سپیشل کمانڈوز نے آپریشن کر کے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ امریکی نیوی ہیڈزکوارٹرز پر فائرنگ تین افراد نے کی۔ ان میں ایک سیاہ فام بھی شامل تھا۔ تینوں عمارت میں مختلف جگہ پر پوزیشن لے کر فائرنگ کرتے رہے جس سے 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بحریہ ہیڈ کوارٹرز کو گھیرے میں لے لیا۔ امریکی بحریہ کے سپیشل کمانڈوز نے آپریشن شروع کیا اور تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق عمارت میں موجود تین ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ امریکی صدر اوباما کو بھی واقعے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ پولیس اس عمارت میں ایک مسلح شخص کی تلاش کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 20 منٹ پر داخل ہوئی۔ اس واقعہ میں ایک پولیس افسر سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ تمام جوانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقام پر رہیں۔ اس واقعے کے بعد امدادی اداروں کی درجنوں گاڑیاں عمارت کے گرد جمع ہو گئیں جبکہ ہیلی کاپٹروں نے علاقے کی نگرانی شروع کر دی۔ واضع رہے کہ امریکی نیوی کے مطابق واشنگٹن نیوی یارڈ امریکی بحریہ کا سب سے پرانا ساحلی ٹھکانا ہے اور اسے پہلی بار 19 ویں صدی میں کھولا گیا تھا۔