پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بائولر وسیم اکرم نے 1992 میں پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، سوئنگ کے سلطان کو ون ڈے کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے والے پہلے بالر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ کراچی طوفانی بالنگ اور سوئنگ یارکر سے شہرت پانے والے پاکستانی بالر وسیم اکرم نے اپنی 47 ویں سالگرہ منائی۔
1966 میں پیدا ہونے والے وسیم اکرم نے کرکٹ کا آغاز اسلامیہ کالج لاہور سے کیا۔ وسیم اکرم نے قومی سطح پر ٹیسٹ اور ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی 86۔1985 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز سے کی۔ 1992 میں پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانے میں وسیم اکرم نے اہم کردار ادا کیا تھا اور انگلینڈ کے خلاف فائنل میں مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔
سوئنگ کے سلطان کو ون ڈے کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے والے پہلے بالر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اپنے 18 برس کے کیریئر میں وسیم اکرم نے ون ڈیز میں 3717 اور ٹیسٹ میں 2898 رنز بنائے۔
انھوں نے چار بار ہیٹ ٹرک کی جبکہ 25 ٹیسٹ میچوں اور 6 ون ڈیز میں پانچ پانچ کھلاڑیوں کو شکارکیا۔ 2003 میں کرکٹ کو الودع کہنے کے بعد وسیم اکرم نے کمنٹری شروع کی۔ 2009 میں وسیم اکرم کو آئی سی سی ہال آف فیم میں بھی شامل کیا گیا۔