لاہور (جیوڈیسک) لاہور لیجنڈ وسیم اکرم بولنگ کے بعد ازدواجی زندگی کی اننگز میں بھی تیزی دکھا دی، چپکے سے نکاح کر لیا۔ کرکٹ کے بعد آج بھی دنیا کی نظر میں وسیم اکرم سپر سٹار ہیرو ہی ہیں جن کے آسٹریلوی دوشیزہ شنائرہ تھامسن کو زندگی کا ہمسفر بنانے کے فیصلے سے لے کر نکاح کی تصویر نشر کرنے تک ذرائع کی توجہ کا خاص مرکز ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پندرہ اگست کو سابق کپتان کے دوست کے گھر نکاح کی تقریب ہوئی۔ نکاح کی تقریب بالکل سادگی سے انجام پائی۔ اس میں قریبی رشتہ داروں کے علاوہ چند دوستوں نے شرکت کی اور اسے مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا۔ اس سے پہلے آسٹریلوی رانی شنائرہ تھامسن اپنے پاکستانی راجہ کے ساتھ سات اگست کو کراچی پہنچیں۔ عید منانے کے بعد شنائرہ اپنے سسرالی شہر لاہور وسیم اکرم کے ہمراہ گیارہ اگست کو آئیں۔ اب وسیم اکرم اور شنائرہ تھامسن ازدواجی رشتہ میں بندھ گئے ہیں۔ شادی کی تقریب نومبر یا دسمبر میں متوقع ہے۔