کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع میں صفائی وستھرائی کے عمل کو مزید بہتر بنا نے کے ساتھ شاہراہوں سروس روڈز اور فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات اور شاہراہ کی دیواروں سے وال چاکنگ کے خاتمے کی ہدایت کرتے ہوئے ضلع کورنگی کے تمام زونز کو ہدایت کی ہے۔
کہ علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کے قیام کے لئے صفائی وستھرائی کے ساتھ کچرا کنڈیوں سے کچرے کی روزانہ کی بنیادوں پر منتقلی کے بعد کچرا کنڈیوں اور گلیوں محلوں کی سطح پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے مختلف محکموں کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے تینوں زونز کے فوکل پرسن اور تمام محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔
ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے جاری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلا نے کے حوالے سے انتظامات کو مزید تیز کیا جائے اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ بلدیاتی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے بروقت اقدامات کرکے عوام کو مسائل سے دلا نے کے لئے محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائے۔