ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر پہرہ دینا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ آصف جلالی

Lahore

Lahore

لاہور : سربراہ تحریک صراطِ مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر پہرہ دینا ہر مسلمان پر ہر لمحہ فرض ہے۔ اس اوّلین فریضہ سے بے خبری اُمت مسلمہ کے زوال کا باعث بن رہی ہے حکمران بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کی بجائے قرآن وسنت کے مطابق فیصلے کریں تو ملک وقوم کو تمام مصائب سے چھٹکارہ مل سکتا ہے حکومت کی طرف سے سزائے موت پر پابندی برقراررکھنے کو شریعت کے منافی قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فی الفورسزائے موت کے قانون پر عملدرآمد کے احکامات صادر کرے۔

سزائے موت کے قانون کا خاتمہ دراصل قانون ناموس رسالت کو غیرمؤثر بنانے کی سازش ہے۔حکومت قرآن و سنت کے مطابق بنائے گئے قوانین پر مکمل طور پر عملدرآمد کروائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکز صراطِ مستقیم تاج باغ میں ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ایمان ہونا ایک مومن کی بہت بڑی سعادت ہے۔یہ سعادت حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لانے اور آپکو بے عیب ماننے کے ساتھ مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت کا بڑھتا ہوا رجحان انتہائی خطرناک ہے۔

گستاخانہ لٹریچر فرقہ واریت کے پھیلائو کا سب سے بڑا سبب ہے۔انبیاء کرام ،صحابہ کرام، اہل بیت اطہار، اُمہات المؤمنین، اولیائے کرام اور دوسری مقدس شخصیات کی گستاخیوں پر مبنی بلاگس اورلنکس کو ختم کیا جائے اور آئندہ ایسے نفرت آمیز، اشتعال انگیز اور گستاخانہ لٹریچر کی اشاعت کو سخت ترین جرم قرار دیا جائے۔ قیام امن کے لیے فرقہ وارانہ منافرت کا خاتمہ ضروری ہے۔حکومت مقدّس شخصیات کے بارے میں نفرتیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرے۔

اس موقع پرمفتی ارشاد احمد حقانی،مولانا طاہر نواز قادری،مولانا جاوید اقبال ، مولانا عبدالکریم جلالی،مولانا محمد صدیق مصحفی ، مولانامحمد فیاض قادری ، مولانا فرمان علی جلالی ودیگر بھی موجود تھے۔