واٹر بورڈ کی نااہلی یا من مانی؛ کراچی کے باسی شدید گرمی میں پانی کو ترس گئے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) واٹر بورڈ کی جانب سے پیدا کردہ پانی کے مصنوعی بحران کے باعث شہر قائد کے باسی شدید گرمی میں بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کو بھی ترس گئے۔ دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر کراچی کو پانی فراہم کرنے والے 4 میں سے 2 پمپ گزشتہ 2 ماہ سے خراب پڑے ہیں تاہم ابھی تک ان کی مرمت کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے شہر قائد کو گزشتہ 2 ماہ سے صرف 2 پمپ سے ہی پانی فراہم کیا جا رہا ہے تاہم لوڈشیڈنگ کے باعث 2 پمپ بھی بند ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران شدت اختیار کر گیا اور شدید گرمی میں کئی علاقوں کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔

دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر خراب پمپ کی مدد سے کراچی شہر کو روزانہ 10 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم واٹر بورڈ کے غیر سنجیدہ رویئے کے باعث شہری پانی کے وافر ذخیرہ کے باجود ٹینکر مافیا سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ دھابے جی کے دونوں خراب پمپ کی مرمت کا کام بہت جلد شروع کر دیا جائے گا تاہم ان کی جانب سے مرمت میں تاخیر کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

دوسری جانب کراچی کو پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی کمی کے باعث ضلع غربی سمیت شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے، بلدیہ ٹاؤن میں شہریوں کی جانب سے باران رحمت کے لئے نماز استسقا ادا کی گئی اور بارش کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔