کراچی (جیوڈیسک) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے محکمہ ریونیو نے نادہند صارفین، پانی کے غیر قانونی کنکشنز لینے والوں اور منرل واٹر کی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پر عمل شروع کردیا، واٹر بورڈ کے واجبات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف واٹر بورڈ کی ٹیمو ں نے مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں 52 سے زیادہ نادہند صارفین کے کنکشنز منقطع کردیے، واجبات کی وصولی کا ہدف کم از کم 8 ارب مقرر کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ قطب الدین شیخ نے شعبہ محصولات کے افسران کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ریونیو محمد اسلم خان کو ہدایت دی ہے کہ واٹر بورڈ کے واجبات ادا نہ کرنے والے صارفین ،کثیر المنزلہ عمارتوں ،ناجائز کنکشنز لینے والے شادی ہالوں، کلب ،لانز ،منرل واٹر کی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے اور ان کے خلاف فوری طور پر قانونی چارہ جوئی کی جائے ،ان کو فوری ادائیگی کے لیے لیگل نوٹس بھی دیا جائے
غیر قانونی کنکشنز حاصل کرنے والی کثیر المنزلہ عمارتوں ،زیر تعمیر ایسے پروجیکٹس جنہوں نے واٹر بورڈ سے پانی کے کنکشنز منظور نہیں کرائے ان کے نام اخبارات میں شائع کرائے جائیں۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے مزید کہا کہ شہری ایسے رہائشی و کمرشل منصوبوں میں سرمایہ کاری نہ کریں جنہوں نے واٹر بورڈ سے کنکشنز کی منظوری نہیں لی، واٹر بورڈ ان پروجیکٹس میں پانی اور سیوریج کی سہولتیں فراہم کرنے کا ذمہ دار نہیں ہوگا، شعبہ محصولات اپنی کارکردگی بہتر بنائے خصوصاً شعبہ بلک کے محصولات کی وصولی پرخاص توجہ دی جائے۔ اس موقع پر ڈی ایم ڈی ریونیو محمد اسلم خان نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بتایا کہ ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال زیادہ ریکوری کی ہے، سال 2013-14ء میں 6 ارب 75لاکھ روپے کی ریکارڈ وصولی ہوئی۔
ایم ڈی واٹر بورڈ نے شعبہ محصولات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور رواں مالی سال کے لیے محصولات کا ہدف 8ارب روپے مقرر کیا۔ انہوں نے ڈی ایم ڈی ریونیو کو ہدایت دی کہ کارکردگی بہتر نہ بنانے والے شعبہ ٹیکس کے اہلکاروں خصوصاً ڈپٹی ڈائریکٹرز کا فوری تبادلہ کردیا جائے۔ دریں اثنا شعبہ ٹیکس نے ایم ڈی واٹر بورڈ کے احکامات پر نادہندگان کے خلاف فوری گرینڈ آپریشن شروع کردیا۔ منگل کو گلشن اقبال ، صدر ، نارتھ ناظم آباد اور جمشید ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے 52نادہند صارفین کے کنکشن منقطع کردیے گئے۔