اسلام آباد: محمد عبد الشکور صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن آلودہ پانی اور اُس سے ہونے والے نقصانات کے پیشِ نظرملک بھر میں آلودہ پانی کے نقصانات اور صاف پانی کی اہمیت کے حوالے سے آگہی مہم کے ساتھ ساتھ صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
جس میں شہری علاقوں میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب ، تھر پارکر میں باالخصوص سمرسبل الیکٹرک اینڈ شمسی پمپ اور کمیونٹ ہیڈ پمپ، اندرون سندھ ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں کنویں کھدوانے اور کمیونٹی ہینڈ پمپ لگانے کا کام ، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں’’ گریوٹی فلو واٹر سکیم‘‘ اور بلوچستان میں کاریز کے ذریعے بھی پینے کے صاف پانی کی فراہمی جاری ہے۔عام آبادیوں کے ساتھ ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن جیلوں اور سکولوں میں صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ جس کا مقصد معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے طبقے قیدیوں اور قوم کے مستقبل طلبہ و طالبات کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔ الخدمت ملک بھر میں ہر علاقے کی ضروریات کی مناسبت سے صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
عام آبادیوں کے ساتھ ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن جیلوں اور سکولوں میں صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔اِس وقت ملک بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے 452 بڑے چھوٹے واٹر فلٹریشن پلانٹ، 976 کنویں ،2,784 ہینڈ پمپ اور 60 واٹر سپلائی سکیم کام کر رہے ہیں۔ جس سے گزشتہ سال 90 لاکھ سے زائدافرادنے استفادہ حاصل کیا۔تھر پارکر کے متاثرہ علاقوں ڈیپلو، اسلام کوٹ، جھاجھرو ، ننگر پارکر اور مٹھی کے دور دراز علاقوں میں اب تک 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے تھر پارکرمیں 360 صاف پانی کے نئے منصوبے مکمل کر لیے اور اب مٹھی میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔جس سے مجموعی طور پر 1,500 خاندان اور 2 لاکھ مویشی مستفید ہورہے ہیں۔