یہ بات اچھی طرح سے ذہن نشین کر لیں کہ اگر کسی وجہ سے آپ کا فون پانی میں گر جائے تو موبائل کمپنیاں اس چیز کی وارنٹی نہیں دیتیں۔ دوسرا یہ کہ موبائل گیلا ہونے کی صورت میں آپ اس میں موجود تمام ڈیٹا سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔ ہم اس کیلئے آپ کو کچھ ہدایات بتاتے ہیں جس پر عمل کرکے آپ اپنے فون کو بچا سکتے ہیں۔
موبائل فون کو فوری پانی سے نکالیں
اگر آپ کا فون پانی میں گر جائے تو وقت ضائع نہ کریں اور فوری طور پر اسے باہر نکالیں۔ بعض اوقات ایسا ہوتا کہ اگر کسی کا فون پانی میں گر جائے تو وہ فوری طور پر امید چھوڑ دیتا ہے کہ اب اس کے فون کا کچھ نہیں ہو سکے گا۔
موبائل فون سوئچ آف کر دیں
پانی سے نکالنے کے فوری بعد اپنے موبائل فون کو سوئچ آف کر دیں۔ اکثر اوقات ایسا ہوتا کہ پانی میں گرنے سے فون خود بخود بند ہو جاتا ہے تاہم اگر ایسا نہ ہو تو فوری طور پر اسے بند کر دیں کیونکہ ایسا نہ کرنے سے شارٹ سرکٹ کا خدشہ ہوتا ہے۔
بیٹری نکال دیں
موبائل فون بند کرنے کے بعد اس کی بیٹری کو نکال دیں تاکہ اس کی انرجی سپلائی بند ہو جائے اور زیادہ نقصان کے اندیشے کو کم کیا جا سکے۔ تاہم بعض فونز میں بیٹری کو نکالا نہیں جا سکتا، تو اس صورت میں اس بیٹری کو نکالنے کی کوشش نہ کریں۔
سم کارڈ اور میموری کارڈ کو نکال دیں
اس کے بعد آپ موبائل فون میں موجود میموری کارڈ اور سم کارڈ کو نکال دیں اور کسی خشک کپڑے سے اس کو صاف کریں۔ تاہم خیال رہے کہ موبائل فون کو سکھانے کیلئے کاغذ کا ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ اس صورت میں کاغذ کے ذرات فون کے اندر جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔
موبائل فون کو ویکیوم بیگ میں احتیاط سے رکھ لیں
اب ایک پلاسٹک بیگ لیں اور اس میں اپنے موبائل فون کے تمام حصوں کو علیحدہ علیحدہ سنبھال کر رکھ لیں۔ ویکیوم بیگ میں موبائل فون رکھنے سے یہ ہوگا کہ اس سے موبائل فون کے اندر پانی کے وہ ذرات بھی سوکھ جائیں گے جسے کپڑے سے صاف نہ کیا جا سکا ہو۔
موبائل فون کو چاول میں رکھیں
پانی میں گرے ہوئے کسی بھی موبائل سے تمام نمی نکالنا مشکل ہے اگرچہ آپ نے اسے کپڑے سے صاف کیا ہو یا احتیاط سے کسی ویکیوم بیگ میں بھی رکھ لیا ہو۔ اس صورت میں آپ کو کسی ایسی چیز کی ضرورت ہے جو تمام نمی کو ختم کر سکے۔ اس کیلئے چاولوں کا استعمال بہت فائدہ مند ہے۔ اپنے موبائل فون میں موجود نمی کو سکھانے کیلئے اسے چاولوں میں کم از کم دو دن تک دبا کر رکھ دیں۔ اس کے بعد اپنے فون کو کسی ایسی جگہ رکھ دیں جہاں سے اسے سورج کی روشنی پہنچ سکے تا کہ اگر کچھ نمی رہ گئی ہو تو وہ بھی باقی نہ رہے۔ اب کچھ دیر بعد فون کو آن کریں۔ اگر آپ نے ہماری ہدایات پر عمل کیا ہو تو امید ہے کہ آپ کے موبائل فون کو کچھ نہیں ہوا ہوگا۔