اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن عسکری بینک لمیٹڈ کے تعاون سے تھر پارکرمیں 13 کمیونٹی ہینڈ پمپس کی تنصیب عمل میں لائے گی۔
اِس حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اورعسکری بینک لمیٹڈ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ جبکہ عسکری بینک لمیٹڈسے ریذیڈنٹ شرعی بورڈ ممبر ڈاکٹر محمد طاہر منصوری اور کنٹری ہیڈ آئی بی ایس ڈی فہد سردار خان نے معاہدے کی دستاویز پر دستخط کئے۔
معاہدے کے مطابق عسکری بینک اورالخدمت فاؤنڈیشن تھرپارکر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر کام کریں گے جس میں پہلے مرحلے میں13 کیمونٹی ہینڈ پمپس کی تنصیب کی جائے گی جس سے 280 خاندان اور ہزاروں مویشی مستفید ہوں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے اِس موقع پر کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ ملک بھر میں سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔
خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صورتحال کافی تشویشناک ہے۔اِسی ضرورت کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن اس سنگین مسئلے کو کم کرنے کے لئے کوشاں ہے جس میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب، تھرپارکر، اندرونِ سندھ،بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخواکے دور دراز علاقوں میں کنویں کھدوانے اور کمیونٹی ہینڈ پمپ لگانے کا کام، آزاد کشمیر میں گریوٹی فلو واٹر اسکیم اور بلوچستان میں کاریزکے ذریعے بھی پینے کے صاف پانی کی فراہمی جاری ہے۔
عام آبادیوں کے ساتھ ساتھ الخدمت جیلوں اور اسکولوں میں بھی صاف پانی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ان منصوبوں سے سالانہ 90 لاکھ افراد مستفید ہورہے ہیں۔ اِس موقع پر عسکری بینک لیمیٹڈ کے ذمہ داران نے الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں دکھی انسانیت کے لئے کی جانے والی کوشوں کو سراہا۔