وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر مزراعین ہی آئندہ بولی میں حصہ لے سکیں گے
Posted on April 9, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
جھنگ (ملک شفاکت اللہ )وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر تحصیل شورکوٹ میں واقع دربار شاہ صادق نہنگ کا محکمہ اوقاف کے نام وقف رقبہ کے پٹہ دار مزراعین ہی آئندہ بولی میں حصہ لے سکیں گے جس کیلئے انہیں سابقہ بقایا جات چھ اقساط میںادا کرنا ہونگے جس کی پہلی قسط 15تا20مئی2014ء جمع کرانا ضروری ہوگی اور آئندہ سال کے پٹہ کی وصولی دو اقساط میں جون اور دسمبر2014ء میں وصول کی جائیگی۔اس بات کا فیصلہ آج ڈی سی او آفس جھنگ میں سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر ثاقب عزیزکی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر اوقاف فیصل آباد ظریف اقبال ستی،ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری خالد غنی،اے ڈی سی ہارون رشید،منیجر اوقاف شورکوٹ ساجد ظفر ،اے سی شورکوٹ اور ضلعی خطیب اوقاف کے علاوہ منتخب اراکین اسمبلی کے نمائندگان اور پٹے داروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ پٹہ دار مزارعین اور محکمہ اوقاف پنجاب کے درمیان پائی جانے والی پیچیدگیوں کو حل کرنے کیلئے پٹہ داروں کو بھی سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ انکی طرف سے گزشتہ آٹھ سالوں سے بقایا جات ادا کئے بغیرفصلات کا شت کرکے اٹھائی جارہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ حکومت اور محکمہ اوقاف پٹہ داروں کے ساتھ خلوص نیت سے چل رہے ہیں اوران کے بارے میںہمدردیاں بھی رکھتے ہیں۔لیکن اب انہیں بھی چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے جلد از جلد بقایا جات ادا کریں حکومت چاہتی ہے کہ آپ لوگ ہی ان زمینوں پر آباد رہیں لیکن حکومت کے مفاد کو بھی مد نظر رکھا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے پٹہ داروں کے مطالبے پر ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جس میں محکمہ اوقاف اور ریونیو افسران شامل ہونگے یہ کمیٹی موقع پر زمین کا جائزہ لیکر آئندہ نئے مالی سال کیلئے نئے سرے سے پٹہ کی اجرت کا تعین کریگی۔اس موقع پر منیجر اوقاف شورکوٹ نے بتایا کہ دربار شاہ صادق نہنگ کی وقف رقبہ 252مربع ،14مواضعات پر مشتمل ہے جہاں 16ہزار سے زائد لوگ آباد ہیں جن میں 70مربع زمین کے پٹہ دار باقاعدگی سے اپنے بقایا جات ادا کررہے ہیں جبکہ 182مربع کے پٹہ داروں کے ذمہ ابتک 15کروڑ50لاکھ سے زائد کے بقایا جات واجب الادا ہیں۔