وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) وزیرآباد میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہر بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خاردار تاروں کے علاوہ تمام افراد کی تلاشی لیکر جلوس میں داخل ہونے دیا گیا۔ وزیرآباد شہر کا سب سے بڑا ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ مہاجرین سے سید وقار احمد رضوی کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں ریل بازار، سرکلر روڈ، چوک موتی بازار سے ہوتا ہوالاہوری دروازہ پہنچا ، دوسرا بڑا جلوس امام بارگاہ قصر سکینہ سے برآمد ہوا جبکہ امام بارگاہ مودی خانہ قاضی ذوالفقار علی قریشی کی قیادت میں برآمد ہوا۔ جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے لاہوری دروازہ چوک میں پہنچے جہاں ذوالجناح، تعزیہ اور علم کے تمام جلوس اکٹھے ہو کر ایک بڑے جلوس کی شکل اختیار کرگئے۔
اس موقعہ پر سینکڑوں عزاداروں نے مین بازار میں حلقہ بنا کر زنجیر زنی کی اس موقعہ پر ننھے عزادران بھی ماتم زنی کرتے ہوئے لبیک یاحسین، لبیک یا حسین کے نعرے لگاتے ہوئے یزیدی طاقتوں کے عمل کو ملامت کررہے تھے۔
جلوسوں کے رستوں پرپانی، دودھ کی سبیلوں اور لنگر حسینی کا خصوصی اہتمام تھا۔ چیف ایگزیکٹو گیپکو میاں منیر احمد، ایکسیئن گیپکو ملک طارق احمد کی خصوصی ہدایات پرڈیوٹی پر تعینات واپڈا عملہ نے جلوسوں کے رستوں پر ڈیوٹیاں دیںشہر بھر میں پولیس ، سول انتظامیہ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ملازمین گزشتہ روز سے ہی خصوصی ڈیوٹیوں پر تعینات تھے اے ایس پی وزیرآباد غلام مرتضیٰ، ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد اعجاز،ایس ایچ او تھانہ صدر ہاشم گجر نے سیکیورٹی کے امور کی نگرانی کی۔ بیشتر زخمی عزادارن کو موقعہ پر ہی ہسپتال کی موبائل ٹیموں نے طبی امداد دی۔