وزیرآباد : بھکاریوں کے روپ میں شہر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کا خدشہ

Beggar

Beggar

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر میں بھکاریوں کا سیلاب امڈ آیا۔ شہریوں کو دامن بچانا مشکل ہو گیا۔بھکاریوں کے روپ میں شہر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کا خدشہ۔ والدین اپنے بچوں کی حفاظت کیلئے پریشان نظر آنے لگے۔

شہر اور مضافاتی علاقوں میں بھکاریوں کی بھرمار دیکھنے میں آرہی ہے شہریوں نے بتایا کہ پہلے بھکاریوں نے مخصوص دن جمعرات مقرر کررکھا تھا جمعرات کے روز بھکاریوں کی زیادہ تعداد ہوا کرتی تھی اب کسی دن کا بھی لحاظ نہیں کیا جاتا گھر میں بیٹھے ہوں تو دروازوں پر بھکاریوں کی دستک ختم نہیں ہوتی گھر سے باہر آجائو تو مختلف سٹاپوں پر بھکاری نظر آتے ہیں جبکہ کاروبار کے مقامات اور دفاتر بھی بھکاریوں سے محفوظ نہیں ہیں۔

کسی بھی جگہ خریداری کیلئے رک جائیں تو بات کرنے سے قبل بھکاری آن کی آن میں گھیر لیتے اور شہریوں کو اپنی بات کرنے کا موقعہ نہیں دیتے۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد بھکاریوں کی آمدورفت مشکوک ہے جس سے شہری اپنے بچوں کی حفاظت کیلئے پریشان دکھائی دیتے ہیںان بھکاریوں کی وجہ سے چوری کی وارداتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ خدشہ ہے کہ دن بھر بھکاریوں کے روپ میں پھرنے والے ہٹے کٹے افراد رات کے اوقات میں نقب زنی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہوتے ہیں۔

شہریوں نے مقامی انتظامیہ،آر پی او گوجرانوالہ اور دیگر حکام بالا سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔