وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) دل کے ارماں آنسوئوں میں بہہ گئے، پیا جی دلہنیا کی ڈولی ہمراہ لیجانے کی بجائے خود حوالات میں پہنچ گئے۔ باراتی کی فائرنگ سے بچی زخمی۔
پولیس تھانہ سٹی نے دولہا کو بھی دیگر افراد کے ہمراہ حراست میں لیکر حوالات بند کردیا وزیرآباد کے محلہ گلی قصاباں میں اسرار احمد کی بیٹی کی شادی تھی قلعہ گوجر سنگھ لاہور سے بارات کیساتھ آنے والے ایک شخص زاہد ولد محمد صغیر نے ہوائی فائرنگ کردی جس سے چھت پر کھڑی ایک لڑکی حفظہ دختر جعفر زخمی ہو گئی۔
اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر آئی اورشیروانی میں ملبوس دلہا شہزاد ، فائرنگ کرنے والے نوجوان زاہدکے علاوہ دلہن کے والد اسرار احمد اور بھائی مدثر علی کو گرفتار کر لیا۔ زاہد سے موقعہ پر ہی پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔
دولہے نے اپنی رہائی کے لئے پولیس حکام کی منت سماجت بھی اور کہا کہ فائرنگ ایک شخص نے کی ہے جسے آپ گرفتار کرکے لیجارہے ہیں میرے اور دیگر افراد کیساتھ زیادتی نہ کی جائے مگر فرض شنا س پنجاب پولیس نے دولہا کی ایک نہ سنی اور دولہا میاں اور دیگر افراد کو بڑے گھر کا مہمان بنا لیا۔
دوسری جانب زخمی بچی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔عوامی سماجی حلقوں میں پولیس تھانہ سٹی کی طرف سے واقعہ کے ملزم کی گرفتاری کے باوجود بے گناہ دولہا اور دیگر افراد کوحراست میں لینے کے واقعہ کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔