وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) چیف ایگزیکٹو گیپکو محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ افسران فیڈروں اور لائنوں کی مینی ٹینس پر خصوصی توجہ دیں تاکہ بریک ڈائون اور ٹرپنگ سے متعلق صارفین کی شکایا ت میں کمی واقع ہو ۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی سرکل ،کینٹ سرکل ، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات سرکل آفسز کی علیحدہ علیحدہ انسپیکشن کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیف انجینئرزجنید اختر، غضنفر عباس رضوی،محمد ریاض، عبدالرزاق،مینجر کمرشل محمد افضل بیگ، ایس ایز زاہد جاوید،لیاقت علی ڈھلوں، پرویزاقبال، ارشد منیر، رفیق اقبال، ڈپٹی مینجر کمرشل میاں محمد عرفان ،پی ایس او محمد آصف قریشی ،ڈپٹی مینجر پبلک ریلیشنز محمد جہانگیر رانا،سرکلز کے ایکسیئنز،ڈی سی ایمز، ایس ڈی اوز، ریونیو افسرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ تنگ و تاریک بازاروںاور مارکیٹوں وغیرہ جہاں تاریں خطرناک طریقہ سے لٹک رہی ہیںاور لائن نہیں جا سکتی وہاں کیلئے کیبلیں بچھا کر مکمل اوور ہالنگ کا خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر ہر آپریشن ڈویژن کی حدود میں ایک ایک سب سے زیادہ خستہ حال بازار/فیڈر کی پرپوزل بنا کر کام شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا ہدایات کو مدّنظر رکھتے ہوئے افسران تمام کمپلینٹ سنٹرز اور دفاتر پر خصوصی توجہ دیں سفیدی کروائیں ،صفائی ستھرائی، پینے کا پانی، بیٹھنے کے انتظامات سمیت ٹیلی فون اور ریکارڈ درست حالت میں رکھیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی صورت میں جہاں کہیں ٹرالی ٹرانسفارمر نصب کئے جاتے ہیں وہاں جتنی جلدی ممکن ہو سکے مرمت شدہ یا نیا ٹرانسفارمر لگا کر ٹرالیاں ہٹائی جائیں تاکہ راہگیروں کیلئے کوئی دقت نہ ہو اور اس بات کا خاص طور پر خیال رکھا جائے کہ اُن ٹرالیوں پر رات کے وقت لائٹ اور ریفلیکٹرز بھی نصب ہوںتاکہ اندھیرے میںکسی حادثے کا سبب نہ بنیں۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ کمپنی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ہمیں سخت محنت کی ضرورت ہے لہذا بجلی چوروں کے خلاف کاروائی اورنادہندگان سے ریکوری کیلئے کسی قسم کے دبائو کو خاطر میں لائے بغیر کاروائیاں عمل میں لائیں۔
وزیرآباد(عقیل احمد خان لودھی)ڈویژنل وارڈن شہری دفاع گوجرانوالہ عمر فاروق ناز نے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں دہشت گردی اور جنگوں جیسے حالات کے بعد اس بات میں کسی شک و شبہ کی گنجائش باقی نہیں رہی کہ اب ہر ملک کو اپنی حفاظت اور دفاع کیلئے وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا اور اپنے ملک اور اپنی آزادی برقرار رکھنے کیلئے دفاعی قوتوں کو مضبوط اور مستحکم کرنا پڑے گا۔ اسی بناء پر ہر ملک میں تنظیم بنائی گئی ہے، جس کو تنظیم شہری دفاع کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ۔موجودہ حالات کے پیش نظر اسے مزید فعال بنانا ہوگا۔ پریس چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر فاروق ناز نے کہا کہ ملک کے ہر باشندے کا فرض ہے کہ وہ انفرادی طور پر اپنے گلی محلہ کی حفاظت خود کرے اور اجتماعی طور پر تنظیم شہری دفاع میں شامل ہوکر اپنے ہم وطنوں کے دْکھ درد بانٹے۔ اگر عوام بلند حوصلہ ، پختہ عزم اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوں تو نازک ترین حالات کو بھی بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ۔شہری دفاع کی تربیت نہ صرف جنگ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے بلکہ زمانہ امن میں اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ زلزلہ، سیلاب، طوفان، خشک سالی، ٹریفک حادثات، آگ لگنے اور صنعتی حادثات جیسے کئی مصائب سے نمٹنے کے لیے محکمہ شہری دفاع کی فائر فائٹنگ، فرسٹ ایڈ اور ریسکیو کی تربیت حاصل کرنا ہر شہری کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہری دفاع کی تربیت ہر ایک پاکستانی کے لئے لازمی ہونی چاہیے تاکہ وہ کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے بطریق احسن نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اس مقصد کے لیے ادارہ شہری دفاع اور مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے تعاون سے اسکاؤٹنگ اور شہری دفاع کی تربیت کو ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قابلِ عمل بنانا ہوگا۔
وزیرآباد(عقیل احمد خان لودھی) ڈی ایس پی سرکل وزیرآباد محمد اکرام خان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کوشاں رہتے ہو ئے اپنے فرائض میں غفلت نہ برتنا کسی طرح عبادت سے کم نہیں ،کسی بھی جگہ سے منشیات فروشی اور دیگر جرائم کا مکمل خاتمہ اسی صورت ممکن ہوتا ہے جب سول سوسائٹیز بھی اس مشن میں پولیس کے شانہ بشانہ ہوں۔سنیئر صحافی محمود احمد خان لودھی کی قیادت میں ملنے والے صحافتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل وزیرآباد محمد اکرام خان نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے وزیرآباد میںا پنی تعیناتی کے بعد متعلقہ تھانوں کے سٹاف کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ وہ تھانے میں آنے والے ہر شریف شہری کے ساتھ نہ صرف خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آئیں بلکہ ہر پریشان حال شہری کے مسئلے کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ شریف شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت چوکس ہے۔دفتر اور دفتر سے باہروہ خود تمام معاملات کی نگرانی کرتے ہیںتھانوں کے انچارج خود بھی شہر کی اہم شاہراؤں پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے گشت کریں جس سے شہریوں میں احساس تحفظ پیدا ہو گااور جرائم کا خاتمہ یقینی ہوگا۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ پولیس کیساتھ منسوب روایتی ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت ہے اوراس مقصد کیلئے ہمیں بحثیت قوم نیک نیتی کو شعار بنانا ہوگا۔ شہری جرائم کے خاتمہ کیلئے پولیس کیساتھ تعاون کرکے اپنا اخلاقی سماجی فریضہ نبھائیں اس طرح جرائم پر قابو پانے میں مدد ملتی اور مثالی معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔