وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، قریبی علاقے بھی بری طرح گندگی کی لپیٹ میں ٹی ایم اے انتظامیہ لسی پی کر سونے لگی۔ شہری انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر احتجاج کرنے پر مجبور ، ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر اورڈی سی او گوجرانوالہ سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔ شہر ی علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ بارشوں کا پانی بھی مختلف علاقوں سے نکالا نہیں جاسکا گندگی کے ڈھیروں اور بارش کے پانی کے مکسچر سے صورتحال اور بھی خراب ہوگئی ہے جہاں مچھر اور دیگر خطرناک کیڑے پرورش پارہے ہیں،شہری علاقوں نظام آباد، محلہ جلالپورہ، ڈبل پھاٹک ،جناح کالونی میں عرصہ دراز سے گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں معمولی بارش کے بعد کیچڑ اور گندگی کے ڈھیروں کے قریب سے شہریوں کا گزرنا محال ہوجاتا ہے۔ ریلوے لائن کی دیوار کیساتھ دربار بابا خاکی شاہ روڈ جہاں بچوں کے سکول بھی ہیں سے گندگی کے ڈھیر ختم کرنے کی بجائے وہاں اہلکار سارے شہر کی گندگی پھینک جاتے ہیں۔گزشتہ دیڑھ ہفتہ سے ٹی ایم اے انتظامیہ صفائی کے معاملات پر ہی توجہ دینے میں ناکام ہوچکی ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے پورا شہر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کرتا نظر آتا ہے۔ شہریوں نے اس بدترین صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر وزیرآباد ، ڈی سی او گوجر انوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹائون میونسپل آفس کا چارج کسی ذمہ دار افسر کے سپرد کر کے حالات کو بہتر بنایا جائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) قومی ٹیم کی آسٹریلیا سے ہار کے بعد شائقین کرکٹ مایوس ، ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لائی جائیں۔ ملک بھر میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے ۔ ٹیم کوچز، انتظامیہ کیساتھ نئے کھلاڑیوں کے انتخاب سے قومی کرکٹ ٹیم اپنا وقار جلد بحال کرے گی۔ شائقین محمد نواز مغل، محمد عثمان، عابد پرویز اور دیگر نے آسٹریلیا سے شکست کو ناقص بیٹنگ اورفیلڈنگ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل کئے جائیں جبکہ پی سی بی بورڈ ز انتظامیہ،کوچز سمیت دیگر افراد کی تبدیلی کیساتھ قومی ٹیم بہتر کھیل کا مظاہرہ پیش کرے گی۔