وزیرآباد ( عدیل احمد خان لودھی) وزیرآباد شہر اور مضافاتی علاقوں میںبلدیاتی اانتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔نواحی علاقہ سوہدرہ میں مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں نے اپنے حمایتی امیدواروںکے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔ یونین کونسل نمبر 2 سوہدرہ سے مسلم لیگ(ن) کے حمایت یافتہ امیدوار برائے چیئرمین چوہدری شوکت تلواڑہ نے ربانی چوک سوہدرہ میں منعقدہ کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دور اقتدار میںریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں ناقابل شمار حد تک عوامی حمایت اس بات کا بین ثبوت ہے کہ مسلم لیگ(ن) علاقہ کی مقبول ترین جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر اقتدار کی منتقلی سے عوام الناس کے مسائل بنیادی سطح پرحل ہوں گے ۔علاقہ میںدیگر ترقیاتی کاموں کے ساتھ سوئی گیس جیسی نعمت کی دستیابی مسلم لیگ(ن) کے ممبرقومی اسمبلی جسٹس ریٹائرڈ افتخار احمد چیمہ کی خصوصی کاوشوں سے ممکن ہوئی ہے۔امیدوار برائے وائس چیئرمین عامر رضا اعوان نے کہا کہ بلدیاتی نظام سے ہی شہری مطمئن ہوسکتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) نے عوام الناس کی پریشانیوں میں کمی لانے کیلئے بلدیاتی نظام کو فعال بنانے کی طرف توجہ دی ہے اور انشاء اﷲ ہم کامیابی کے بعداعلیٰ قیادت کے شانہ بشانہ علاقہ کی تعمیر وترقی کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔ مقامی سطح پر تعلیم،صحت اور روزگارکے مسائل کی جانب بھرپور توجہ دی جائے گی۔اس موقعہ پرمسلم لیگی رہنما چوہدری امتیاز اظہر باگڑی، چوہدری عادل اقبال چیمہ ، امیدوار برائے جنرل کونسلرز چوہدری عمار نمبردار،حاجی ظہیر بھولا، وحید نمبرداراور یاسر جٹ کے علاوہ حاجی حسیب ربانی، بائو محمد منیر ، حاجی محمد دائود،محمد اقبال نہریا، چوہدری شاہد منیر، محمد اشرف وکیل، عبدالستار، محمد یوسف تارڑ،زاہد منیر پہلوان اور دیگر بھی موجود تھے۔