وزیرآباد کی خبریں 2/12/2014

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر او رمضافاتی علاقوں میں قائم ہوٹلوں اور تنوروں پر کم وزن روٹی مہنگے داموں فروخت، مقامی انتظامیہ عوام کو مصنوعی مہنگائی کے عفریت سے نجات دلانے میں غیرسنجیدہ، شہری حلقوں کا کمشنر گوجرانولہ، وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ۔ حکومت پنجاب کی طرف سے100گرام وزن کی روٹی کی قیمت6روپے مقرر ہے گندم کی قیمت میں کمی کے باوجود تنوروں اور ہوٹلوں کے مالکان حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کرتے اور مہنگائی کیخلاف حکومتی پالیسیوں کی ناکامی کا سبب بنتے ہیں جبکہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ذمہ دار مقامی انتظامیہ بھی عوامی مسائل کے خاتمہ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ شہر اور مضافاتی علاقوں سیالکوٹ روڈ، احمد نگر روڈ، الہ آباد، دھونکل روڈم نظام آباد، مولانا ظفر علی خاں بائی پاس چوک اور دیگر مقامات پر قائم ہوٹلوں اور تنوروں کے مالکان کم وزن روٹی6 روپے میں جبکہ اکثر جگہ اوورچارجنگ کرتے ہوئے کم وزن روٹی 7روپے میں فروخت کررہے ہیں جبکہ نان کی قیمت10روپے تک وصول کی جاتی ہے۔ شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ، وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کا سبب بننے والے افراد کیخلاف بلا تفریق فوری کاروائی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)تجاوزات کا مستقل خاتمہ یقینی بنا کر شہریوں کے مسائل میں کمی لائی جائے۔ شہری حلقوں کا ڈی سی او گوجرانوالہ سے تجاوزات کیخلاف فوری کاروائی کا مطالبہ۔ شہر وزیرآباد ایک عرصہ سے تجاوزات مافیا کے پنجوں میں جکڑا ہوا ہے۔بیرون شہر سے خریداری کیلئے آنے والے ہزاروں افراد کیلئے گاڑیوں وغیرہ کی سرکاری طور پر پارکنگ کا انتظام نہ ہونے کے باعث لوگ اپنی گاڑیاں مین بازار سے باہر لاہوری گیٹ کی دکانوں،کچہری گیٹ کے سامنے پارک کر کے چلے جاتے ہیں جہاںچنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے غیرقانونی اسٹینڈ بھی بنا رکھا ہے اور مختلف اشیاء فروخت کرنے والوں کی ریڑھیوں کا رش بھی لگا رہتا ہے جس سے ہر دوسرے منٹ بعد یہاں ٹریفک جام ہوجاتا ہے ۔ ٹریفک جام رہنے سے سکولوں کالجوں کو جانے والی ٹرانسپورٹ اس رش میں پھنس جاتی ہے اور طلباء وطالبات کو تاخیر ہوتی ہے جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال آنے جانے والی ایمبولینسز بھی اکثر اس رش میں پھنس جاتی ہیں ۔ شہریوں کی طرف سے بار بار مطالبات کے باوجود ٹی ایم اے انتظامیہ تجاوزات مسئلہ کا مستقل حل نہیں نکال سکی ۔ شہر کے اس اہم ترین پوائنٹ کو اس لئے بھی حساس کہا جاسکتا ہے کہ یہاں سول عدالتوں میں آنے جانے والے سائلین اور ملزمان کی بھی یہی گزرگاہ ہے جبکہ عدالت کا شمالی گیٹ بھی اسی طرف ہے جہاں سے مختلف عدالتوں کے ججوں کی گاڑیاں احاطہ عدالت میں داخل ہوتی ہیں۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد،ڈی سی او گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کا مستقل حل نکالتے ہوئے سرکاری سطح پر پارکنگ اسٹینڈ کا بندوبست کیا جائے اور لاہوری دروازہ سے تجاوزات کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے۔