وزیرآباد (نامہ نگار) لین دین کا تنازعہ ، رقم کے بدلے پلاٹ لینے کے بعد بلیک میل کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ایس ایچ او تھانہ سٹی کے نام گزاری گئی درخواست میں محلہ شیش محل کے رہائشی شہری محمد سلیم ولد نصیر احمد نے بیان کیا ہے کہ وہ محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے جسکا منڈی پھلروان تحصیل بھلوال کے رہائشی امتیاز احمد ولد عبدالعزیز کیساتھ 12لاکھ 40ہزار روپے کا لین دین تھا ،جسکے عوض اس نے امتیاز کو نالہ پلکھو کے قریب ساڑھے29مرلہ اراضی دے دی تھی جو آج بیش قیمت ہے۔زمین لینے کے بعد اختر اور نعیم نامی شخص کیساتھ مبینہ طور پر سازباز ہوکر مزید رقم ہتھیانے کیلئے پلاننگ کرتے ہوئے اب دوبار ہ اسے اسی رقم کیلئے بلیک میل کرنا شروع کردیا ہے اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیکر نعیم کے ڈیرے پر بلا رہے ہیں ملزمان نے یہ بھی دھمکی دی ہے کہ اگر وہ نہ آیا تو اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔ متاثرہ شہری نے پولیس حکام سے جان ومال کے تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرآباد(نامہ نگار)نیشنل ہائی وے جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،گاڑیوں کی خرابی اور حادثات معمول بن گئے۔ نیشنل ہائی وے حکام سڑک کی تعمیرومرمت کی طرف توجہ دینے سے قاصر، عوامی سماجی حلقوں کا صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ایک عرصہ سے قومی ہائی وے ٹوٹ پھوٹ کا مختلف مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے بیشتر مقامات پر سڑک ناقص تعمیر کی وجہ سے ان بیلنس ہوچکی ہے اور باقاعدہ طور پر ابھر کر بڑے کھڈوں کی صورت بن چکی ہے ۔سڑک پر سفر کے دوران گاڑیوں کو کنٹرول میں رکھنا ڈرائیوروں کیلئے انتہائی مشکل ہوجاتا ہے جبکہ کئی موٹر سائیکل سوار ناہموار سڑک کی وجہ سے توازن برقرار نہ رہنے کی وجہ سے حادثات کا شکار ہوچکے ہیں گجرات سے گوجرانوالہ تک سفر کے دوران کئی جگہ پر سڑک خطرناک حد تک خراب ہوچکی ہے بالخصوص دریائے چناب سے مولانا ظفر علی خان چوک تک حالات انتہائی گھمبیر ہیں مسافروں کو روڈ پر سفر کے دوران سخت اذیت کا سامنا رہتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹول ٹیکسوں کی وصولی کے باوجود سڑک کی تعمیر ومرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی جبکہ موٹر وے حکام بھی صرف جرمانوںکی وصولی کی حد تک کام کرتے دکھائی دیتے ہیں انہیں بھی چاہئیے کہ حادثات کی وجوہات کی دوری کیلئے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا کریں دوسری جانب اندرون شہر صلاح الدین اوورہیڈ بریج بھی عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی بہتری کی جانب بھی ذمہ داروں کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ عوامی ، سماجی حلقوں نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔