وزیرآباد (نامہ نگار) ایکسیئن گیپکو وزیرآباد ملک طارق محمود نے کہا ہے کہ صارفین کے مسائل کا بروقت خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ماتحت افسران اور عملہ کو مختلف احکامات جاری کئے گئے ہیں جن پر عملدرآمد سے گیپکو کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو گیپکو گوجرانوالہ ظہور احمد چوہان کی ہدایات پر ہم الیکٹریسٹی نظام کو بہتر بنانے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، بوسیدہ ترسیلی نظام کو کافی حد تک اپ گریڈ کردیا گیا ہے جس سے لائن لاسز میں کمی کیساتھ بجلی کی بریک ڈائون جیسی شکایات نمایاں طور پر کم ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈنگ سسٹم میں بھ بہتری لائی جارہی ہے ایسے میں کہیں اونچ نیچ ہوجاتی ہے کسی کو جان بوجھ کر اووربلنگ نہیں کی جاتی ۔ صارفین بجلی بچت کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر اپنے بلوں میں واضح کمی لاسکتے ہیں جہاں تک بلوں کی بروقت ترسیل نہ ہونے کی بات ہے اس پر تمام دفاتر کے بل ڈسٹری بیوٹرز کو سختی سے ہدایات کردی گئی ہیں کہ وہ ہر صارف کو اس کی دہلیز پر بلوں کی ترسیل کو یقینی بنائیں اس سلسلہ میں کسی سستی اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملک طارق محمود نے کہا کہ گیپکو صارفین ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ گیپکو وزیرآبادکے ہزاروں صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سب ڈویژنوں علی پورچٹھہ، گکھڑ، احمد نگر، سٹی ، نظام آباد اور گیپکو سب ڈویژن نمبر2 تمام دفاتر کا عملہ ہمہ وقت موجود رہتا ہے نئے کنکشنوں اور خراب میٹروں کی تبدیلی کی درخواستوں پر فوری کاروائی کی جاتی ہے۔افسران اور عملہ عوامی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چور ملک وقوم /معاشرے کے مجرم ہیں ان کی نشاندہی کرکے ادارے کو نقصان سے بچایا جائے،بجلی چوروں کیساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔
۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔
وزیرآباد (نامہ نگار) بچے شور مچاتے اور گلی میں گند ڈالتے ہیں انہیں سمجھائو ورنہ بہت برا پیش آئوں گا، بااثر شخص کی پرائمری سکول ہیڈ مسٹریس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں۔ گورنمنٹ پرائمری سکول حاجی پورہ کی ہیڈ مسٹریس نے ایس ایچ او تھانہ سٹی کے نام لکھی ہوئی درخواست میں بتایا ہے کہ گزشتہ روز محلہ کے رہائشی ناصر ولد اقبال مغل سے سکول کا دروازہ کھٹکھٹایا رابطہ کرنے پر ملزم نے بچوں کے گلی میں شور کرنے اور کاغذ پھینکنے کی شکایت کیساتھ سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں اور کہا کہ اگر بچوں کو باز نہ کیا گیا تو وہ خود بچوں سے بری طرح پیش آئے گا اور معلمات کیساتھ بھی برے سلوک سے پیش آئے گا۔ سکول ہیڈ مسٹریس نے ایس ایچ او کے نام درخواست لکھ کر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن زنانہ کے حوالے کردی ہے جہاں سے پراپر چینل تھانہ سٹی کو برائے کاروائی بھجوائی جائے گی۔ ہیڈ مسٹریس کے مطابق متعلقہ شخص کے رویہ کی وجہ سے سٹاف اور طالبعلموں میں سخت خوف پایا جاتا ہے۔