فتح پور کی خبریں 8/12/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) احمد نگر سے گکھڑ کو جانے والی روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، درجنوں دیہاتوں کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کا نوٹس لینے اور سڑک کی فوری تعمیر کروانے کا مطالبہ، شہریوں بابر ندیم کونسلر، عصمت اللہ ہنجرا، ڈاکٹر لیاقت علی اور دیگر نے بتایا کہ احمد نگر سے گکھڑ کو جانے والی سڑک تحصیل وزیرآبادد کے اہم دیہاتوںکوٹ نورا، بینکہ چیمہ، گل والا، کالے والا، چبہ چیمہ اور دیگر کو آپس میں ملاتی ہے روزانہ ہزاروں شہری سڑک کو استعمال کرتے ہیں جن میں مختلف سکولوں کالجوں میں جانے والے طلباء وطالبات، سرکاری ، نجی دفاتر ،فیکٹریوںمیں کام کرنے والے ملازمین، افسران بھی شامل ہوتے ہیں، گھروںسے تیار ہو کر اپنے کام کاج کیلئے جانے والوں کو گردوغبار اور سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے طلباء کے یونیفارم خراب ہوجاتے ہیں جبکہ ٹوٹی ہوئی سڑک کے باعث اکثر حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔ متذکرہ روڈ قومی اسمبلی کے دوحلقوں میں آتی ہے جہاں سے منتخب ہونے والے ممبران میں جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ، میاں طارق محمود شامل ہیںکی جانب سے انتخابی مہم میں کئے گئے وعدوں میں سڑک کی تعمیر کا معاملہ بھی شامل تھا۔ اہل علاقہ نے منتخب ممبران، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ روڈ کی فوری تعمیر ومرمت کرواکے اہل علاقہ کو تکالیف سے نجات دلائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) انتظامیہ کی غفلت یا کوئی اور معاملہ، شہر کی اہم سڑک کا چند میٹر حصہ انسانی جانوں کیلئے عذاب بن گیا۔ وزیرآباد شہر میںسول کورٹس احاطہ سے شمال کی جانب سڑک کا چند میٹر حصہ گزشتہ ڈیڑھ دو سال سے ٹھیکیدار نے تعمیر ومرمت کی غرض سے اکھاڑی مگر اس میں مبینہ طور پر بار ممبران نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنروزیرآباد کے ذریعے کام کو رکوادیا۔ یہ کہ متذکرہ سڑک پربجری،پتھر ڈالکر مزید کام نہ کیا گیااس طرح ادھوری، شکستہ سڑک انسانی جانوں کے لئے ایک عرصہ سے عذاب بنی ہوئی ہے۔ سڑک پر گاڑیوں کے گزرنے کی وجہ سے پتھر اور بجری اڑ کر راہگیروں کو جالگتے ہیں جس سے آج تک درجنوں شہری زخمی ہوچکے ہیں جبکہ گاڑیوں اور قریبی دکانوں کے قیمتی شیشے ٹوٹنے کے واقعات عام ہوچکے ہیں۔ متذکرہ روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام بھی سارا دن درہم برہم رہتا ہے۔ عوامی، سماجی حلقوں نے ڈی سی او گوجرانوالہ ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئی بھی معاملہ ہو انسانی جان ومال کیلئے نقصان دہ سڑک کی فوری تعمیر ومرمت کروائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) کچہری کے اطراف اور شہر کے اہم چوکوں چوراہوں میں گاڑیوں، چنگ چی رکشائوں کے اسٹینڈز اور غیرقانونی اڈے شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے، انسانی آمدورفت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا مطالبہ۔وزیرآباد شہر میں انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث ایک عرصہ سے قانون شکن افراد من مانیوں میں مصروف ہیں شہر کے اہم ترین چوکوں چوراہوں میں چنگ چی رکشائوں اور گاڑیوں کے مالکان نے خودساختہ اسٹینڈز قائم کررکھے ہیں جن کی آڑ میں ریڑھیوں اور چھابڑی فروشوں نے الگ سے اپنی دکانداریاں سجا رکھی ہیں،غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈز، اڈوں کے باعث سارا دن ٹریفک جام رہتا ہے اور سیالکوٹ روڈ، ڈسکہ روڈ کے اطراف سے نالہ پلکھو تک لمبی ٹریفک کی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ شہریوں کی جانب سے بار ہا مرتبہ مقامی انتظامیہ کو اس مسئلہ کی نشاندہی کرنے کے باوجود معاملہ کے حل جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ عوامی، سماجی حلقوں نے ڈی سی اوگوجرانوالہ، کمشنر گوجرانوالہ سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔