وزیرآباد : گیپکو ٹیمیں بجلی چوروں کیخلاف متحرک

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) گیپکو ٹیمیں بجلی چوروں کیخلاف متحرک، ایس ڈی او گیپکو سب ڈویژن نمبر 1 عبد الوحید خان نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹ تاریں لگا کر زرعی موٹریں چلانے والوں کو پکڑ لیا، پولیس تھانہ صدر نے ملزمان کے خلاف مقدمہ تو درج کرلیا مگر مبینہ اثر ورسوخ کے آگے مقدمہ زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا۔

ایس ڈی او گیپکو عبد الوحید خان نے میٹر انسپکٹر افتخار احمد، لائن سپرنٹنڈنٹ محمد اسلم ،محمد رمضان جانی اور دیگر عملہ کے ہمراہ اچانک چھاپہ مار بھروکی کے علاقہ میں زرعی فارم پر ہونے والی بجلی چوری پکڑ لی۔ملزمان محمد شہزاد ولد محمد ادریس، وقار احمد ولد محمد ادریس 15 ایکڑ کے قریب رقبہ پر بنے مچھلی فارم کو چوری کی بجلی سے سیراب کرنے میں مصروف تھے۔

اطلاع پر واپڈاٹیم نے ریڈ کرتے ہوئے موقعہ سے ڈائریکٹ لگی کنڈیاں اور دیگر اشیاء بطور مال مقدمہ قبضہ میں لے لیں اور پولیس تھانہ صدر کو تحریری رپورٹ کردی جس پر پولیس نے مقدمہ تو درج کرلیا مگر بعدازاں اثر ورسوخ کی تاب نہ لاتے ہوئے مقدمہ خارج کر دیا۔ جس پر واپڈا ملازمین سراپا احتجاج ہیںواپڈا ملازمین کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے ذریعہ محکمہ کو لاکھوں کا نقصان پہنچانے والے ملزمان کو سیاسی اور محکمہ پولیس کی پشت پناہی حاصل ہے۔واپڈا ملازمین نے اعلیٰ حکام سے صورتحال کو نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔