وزیرآباد (نامہ نگار) حکومت بلدیاتی نظام کو فعال بنانے میں پس وپیش سے کام لیکر شہریوں کے مسائل میں اضافے کا موجب بن رہی ہے۔ ڈی سی او گوجرانوالہ نے مقامی میرج ہال میں بلدیاتی نمائندوں کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا پیغام پڑھ کر سنا دیا۔ ملک میں بلدیاتی نظام کو فعال بنانے میں بیوروکریسی اور مخصوص ذہنیت بڑی رکاوٹ ہے اگر بلدیاتی نظام کو فعال نہ بنایا گیا تو نو منتخب نمائندوں کی بڑی تعداد مایوس ہو کر مستعفی ہونے پر مجبور ہوجائے گی۔اپوزیشن پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے کونسلرز نے ڈی سی او اوز کی نگرانی میں بلدیاتی نظام بارے منعقدہ سرکاری تقریبات کوعدلیہ کی بدنامی کا سلسلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت مخلص ہو تو پارٹی بنیادوں پر ہونے والی بلدیاتی انتخابات کو فعال کرنے کیلئے مخصوص سیٹوں پر اکثریتی رائے سے نمائندے سامنے لائے جاسکتے ہیں ۔ گزشتہ روز مقامی میرج ہال میں بلدیاتی نظام کے فعال ہونے میں تاخیر بارے ڈی سی او گوجرانوالہ کی صدارت میں اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ڈی سی او محمد عامر جان نے اس موقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا پیغام پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلہ آنے کے24گھنٹے پر نچلی سطح پر اقتدار منتقلی کا حقیقی نظام فعال کردیا جائے گا جس سے نومنتخب نمائندوں کو کام کا بھرپور موقعہ ملے گا۔ تقریب میں موجود کونسلرز نے ڈی سی او گوجرانوالہ کو اپنی تجاویز سے آگاہ کرنے کی کوشش کی جس پر ڈی سی او نے کسی کو بھی سننا گوارہ نہ کیا۔ کونسلرز حضرات کا کہنا تھا ساڑھے سات ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود لوکل گورنمنٹ سسٹم کی فعالیت بارے حکومت سنجیدہ نہیں عدالتی فیصلہ کے بہانے معاملہ کو طوالت دی جارہی ہے حکومت اگر سنجید ہ ہوتی تو اب تک بلدیاتی نظام سے عوام استفادہ حاصل کررہے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی سسٹم ایکٹو نہ ہونے کی وجہ سے ایم پی ایز، ایم این ایز کی مرضی سے فنڈز کا اجراء کرکے مخصوص لوگوں کو نوازہ جارہا ہے جس عوام کے قریبی نمائندوں کی بے چینی میں اضافہ ہورہا ہے مختلف علاقوں میں ترقیاتی سکیموں بارے اعتماد میں نہیں لیا جارہا ۔نومنتخب کونسلرز نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی نظام کو فوری طور پر فعال بنا کر عوام الناس کے مسائل میں کمی لائی جائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیرآباد(نامہ نگار)عید الفطر قریب آتے ہی ملک کے دیگر شہروں کی طرح وزیرآبادکے بازاروں ، شاپنگ سنٹرز ، پلازوں اور مارکیٹوں میں عوامی گہما گہمی میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ تاجروں نے بھی مہنگائی کے جن کو بو تل سے باہر نکالتے ہوئے گزشتہ سال کی نسبت اشیائے ضروریہ کی قیمتو ں میں 30سے 40فیصد تک اضا فہ کر دیا ہے شہریو ں نے مہنگائی کا ذمہ دار دکانداروں کو جبکہ سٹا ل ہو لڈرز نے اشیائکی قیمتو ں میں اضافے کی و جہ توانائی کا بحران اورپیداواری لاگت بڑھ جاناقرار دیا ہے دوسری طرف عید کی آمد کے باعث تمام اہم بازاروں ، کاروباری مراکز ، چوڑی ، کلاتھ ، شوز ، جیولرز ،جنرل سٹورز مارکیٹس ، شاپنگ سنٹرز اور دیگر مصروف تجارتی مقامات پر ناجائز تجاوزات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے دکانداروں نے اپنی دکانوںکے باہر مختلف اشیاء کے بڑے سٹالز قائم کر دیئے ہیں جبکہ جن دکانداروں کا بزنس عید الفطر کی خرید اری سے متعلق نہیں ہے انہوںنے ہزاروں روپے کرائے پر اپنی دکانوں کے فرنٹ حصے عارضی سٹالز لگانے والوںکو فراہم کر دیئے ہیں جس کے باعث پیدل چلنے والی خواتین اور شہریوں کو بھی شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ عیدالفطر کے حوالے سے خر یداری کر نے آئے ہو ئے شہریوں نے بتایاکہ میٹھی عید تو آگئی تاہم غریب مہنگائی کے باعث عید کی خو شیو ں سے محروم رہیں گے کیو نکہ کپڑوں اور جو تو ں کی قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ جنھیں خرید نا عام شہری کا بس نہیں حتی کہ کھانے پینے کی اشیاء کو بھی مہنگائی کے جن نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا گیا ہے جس پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو حر کت میں آ نا چاہیے مگر انتطامیہ غفلت کی نیند سو رہی ہے عوامی رش کو دیکھتے ہوئے رمضان بازاروں میں عام اشیائے خوردنوش سبزیاں پھل فروٹ عام دکانوں سے زیادہ مہنگی کردی گئی ہیں ا آ م جوکہ ساٹھ روپے کلوتھا اسی روپے کلو کر دیا گیاہے۔ آ لو بخارہ تین سور وپے کلو تک فروخت کیا جاتاہے۔ جبکہ خوبانی ڈیڑھ سور وپے کلو تک جا پہنچی ہے۔ ٹما ٹر اسی روپے کلوہو چکاہے۔ عیدکے قریب آتے ہی درزیوں نے بھی سلائی کے نرخ بڑھا دیے۔ درزیوں نے آپس میں مشاورت سے ایک عام سوٹ کی سلائی800 سے 100روپے تک کردی ہے ۔عوام نے اعلیٰ حکام سے اس سلسلہ میں اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیرآباد(نامہ نگار)سنیئر وائس چیئرمین مسلم لیگ(ن) وزیرآباد محمد اظہر چیمہ کی طرف سے مقامی ہوٹل میں نومنتخب بلدیاتی نمائندوں اور عوامی، سماجی شخصیات کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ کے صدر چوہدری مستنصر علی گوندل،تحصیل صدر اعجاز احمد پرویا،یونین کونسل جَوڑا چَوڑہ کے چیئرمین امتیاز اظہر باگڑی سمیت علاقہ کی ممتاز سیاسی سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔افطار ڈنر سے قبل منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ملک بھر میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے عوام دشمنوں کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہم ترقی کے مشن کو آگے لیکر جائیںگے اور انشاء اﷲ تعالیٰ حکومت تمام تر مخالفتوں کے باوجود ملک کے دیرینہ بحرانوں کا خاتمہ کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پربھی مختلف ترقیاتی پراجیکٹ تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔ترقی کے دشمنوں کو ہر میدان میں شکست دیں گے۔ مسلم لیگی رہنمائوں اور پارٹی کونسلرز نے (ن) لیگ سے اپنی وابستگی کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر میاں برادران کی ترقی کے عزم کے سامنے دھرنا لیڈر روڑے نہ اٹکاتے تو بجلی جیسے بحران کا خاتمہ ہوچکا ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب معاشرے کی فلاح ،ملکی ترقی کیلئے متحد ہیں اور قیادت کے احکامات کے مطابق ملک وقوم کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔