وزیرآباد (نامہ نگار) ڈی سی او گوجرانوالہ محمد عامر جان کی خصوصی ہدایت پر ٹی ایم اے انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، شہری حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ دائرہ کار وسیع کرنے کا مطالبہ۔ ٹی ایم اے انتظامیہ نے ڈی سی او گوجرانوالہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹی ایم او قیصر امین وڑائچ کی نگرانی میں ٹی او آر جہانگیر بٹ، حیدر علی تارڑاور دیگر عملہ نے گزشتہ چند روزسے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ۔بازاروں اور رستوں کے کشادہ ہونے سے شہریوں کے دیرینہ مسائل یقینا ختم ہورہے ہیں جس پر شہری حلقے خوش نظر آتے ہیں۔ شہریوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے انتظامی عمل کو سراہتے ہوئے دائرہ کاروسیع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ نکاسی کے بڑے نالوں کے اطراف میں بااثر افراد نے تجاوز کررکھی ہے جس سے صفائی جیسے معاملات میںدشواری پیش آتی ہے انہوں نے موسم برسات کے پیش نظر ماڈل کالونی ،سرکلر روڈ کے گندے نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن اور سیوریج پائپوں ،نالوں کی صفائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیرآباد (نامہ نگار) شہر کی اہم گرائونڈز میں کئی کئی فٹ بارشی پانی کھڑا رہنے سے ہزاروں بچے سپورٹس سرگرمیوں سے محروم ہوگئے۔ انتظامی بے حسی پر شہری سراپا احتجاج۔ حکام بالا سے معاملے کانوٹس لینے کا مطالبہ۔ کھیلوںکے متعدد میدانوں پر گزشتہ چند سالوں میں تعمیرات سے وزیرآباد کے لوگ اپنے بچوں کی سپورٹس سرگرمیوں کے حوالے سے سخت پریشان نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے عوامی مسائل سے ناآشنا مقامی سیاسی قیادت اور انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی پہلے ہی کھیلوں کے میدان چاٹ گئی ہے ۔برسوں سے قائم سکول کالجز کی گرائونڈز پر زبردستی تعمیرات کی وجہ سے بچوں اور جوانوں کو صحتمندانہ کھیلوں جیسی سرگرمیوں سے جبرا محروم کردیاگیا ہے، مقامی سیاسی قیادت نے اپنی واہ واہ کی غرض سے مختلف اداروں کی عمارتیں تو تعمیر کروادیں مگر علاقے کے ہزاروں بچوں نوجوانوں کو متبادل کھیلوں کے میدان فراہم نہ کئے شہر سے6کلو میٹر دور سپورٹس کمپلیکس کی آڑ میںسب اچھا کی راگ الاپتے رہے آج صورتحال اس قدر گھمبیر ہوچکی ہے کہ کے ایم سی ہائی سکول اور مولانا ظفرعلی خاں کالج کی نشیبی گرائونڈز میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا رہتا ہے جبکہ معمولی بارش کے بعد ہفتوں پانی ختم نہیں ہوتا جس سے علاقہ کے بچے اپنے گھروں میں محصور ہو کررہ گئے ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ گرمیوں کی ساری چھٹیاں بھی بچوں کی کھیلوں کے بغیر گھروں میں گزری ہیں جس سے بچے جسمانی طور پر کمزور ہوگئے ہیں ۔ انتظامیہ کی طرف سے معاملہ میں عدم تعاون ، عدم توجہی پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔