وزیرآباد میں شوہر کے گھر سے 15 روز تک غائب رہنے والی نو بیاہتا کو میکے والوں نے پھندہ دے کر مار ڈالا

HAJRA

HAJRA

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) وزیرآباد میں شوہر کے گھر سے 15 روز تک غائب رہنے والی نو بیاہتا کو میکے والوں نے پھندہ دے کر مار ڈالا۔ نعش پیر مٹھا قبرستان کے قریب سے ملی۔ شادی دو ماہ قبل ہوئی تھی۔

نواحی موضع لویری والا کی 22 سالہ مسماة حاجرہ دختر میاں خان کی شادی دو ماہ قبل وزیرآباد کے محلہ گلہ موجدین کے رہائشی ملک مشتاق ولد اللہ دتہ کے ساتھ ہو ئی تھی۔ 18 روز قبل حاجرہ شوہر کے گھر سے غائب ہو گئی اور 15روز بعد تین دن قبل گھر واپس آ گئی۔

ملک مشتاق اور اس کے گھر والوں نے حاجرہ کے والدین کو اس کی واپسی کی اطلاع دی اور واپس لے جانے کا کہا حاجرہ کا بھائی اشتیاق ،اس کا کزن محمد فاروق اور ایک نامعلوم آئے اور رات کو ہی واپس لے گئے۔

آج صبح حاجرہ کی نعش پیر مٹھا قبرستان کی جناز گاہ کے قریب جوہڑ سے ملی۔ حاجرہ کے گلے میں رسی اور اسکے نشان موجود ہیں اور پتہ چلتا ہے کہ حاجرہ کو پھندہ دے کر گھر پہنچنے سے پہلے ہی ہلاک کیا گیا۔ پولیس تھانہ سٹی کے ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتولہ کے تمام لواحقین رو پوش ہو گئے ہیں اور لویری والا میں ان کے گھر پر تالا لگا ہوا ہے۔