وزیرآباد شہر کو مسیحا مل گیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر کو مسیحا مل گیا، مختلف بہروپ دھار کر انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا محاسبہ ہونے لگا۔ شہری اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی کارکردگی سے مطمئن، مختلف مکاتب فکر کی طرف سے محمد انور بریار کو اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد محمد انور بریار نے اپنی تعیناتی کے پہلے روز سے ہی کاروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے تجاوزات کے ذریعے شہریوں کا جینا حرام کرنے والوں کو وارننگز دینے کے علاوہ بیشتر مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ کروادیا ہے جبکہ ہوٹلوں اور مختلف فوڈ پوائنٹس کی آڑ میں ناقص اشیائے خوردنی کا استعمال کرنے والوں اور صفائی کے تقاضوں کو پس پشت ڈالکرانسانوں کو جراثیم آلوداور کیمیکل ملے کھانوں کی صورت میں زہر کھلانے والوں کیخلاف کاروائی کرکے متعدد اہم فوڈ پوائنٹس،بیکریوں اور ہوٹلوں کو سیل کردیا ہے۔

ان ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس پر عرصہ دراز سے حفظان صحت کے اصولوں کو یکسر نظر انداز کر کے غیر معیاری پکوان کی تیاری اور ان کی مہنگے داموں فروخت کی شکایات عام تھیں۔ دوسری جانب اے سی محمد انور بریار نے بطور ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر غیر قانونی تعمیرات کے دھندہ کیخلاف بھی کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔ شہر میں گزشتہ کئی سالوں سے بغیر نقشہ منظوری اور گھریلو نقشہ فیسوں کو جمع کروانے کی آڑ میں کمرشل تعمیرات کا دھندہ عروج پر پہنچ چکا ہے جس میں ٹی ایم اے کا عملہ مبینہ طور پر ملوث ہے اس کام کیلئے ٹی ایم اے ملازمین کا ایک مخصوص گروہ کام کررہا ہے جن میں زیادہ ایکٹو کم عہدہ کے ایسے ملازمین ہیں جنہیں بڑی سیٹوں کے اضافی چارج سونپے گئے۔

متذکرہ گروہ شہریوں سے غیرقانونی تعمیرات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عوض ڈن پر لاکھوں روپے کے مک مکا کرکے خزانہ سرکار کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے کا باعث بن رہا ہے۔ ایسے افراد نے دنوں میں لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی گاڑیاں خریدنے کے علاوہ اپنی شاندار ذاتی رہائشگاہیں بھی تعمیر کر لی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد انور بریار نے عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے بطور بلڈنگ انسپکٹر کام کرنے والے اعجا ز وڑائچ نامی ملازم کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے اسے سروس سے معطل کردیا ہے اور ٹی ایم او وزیرآباد کو ہدایت کی ہے کہ انکوائری آفیسر مقرر کر کے متذکرہ ملازم کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

اعجاز وڑائچ نامی ملازم کے خلاف عرصہ دراز سے عوامی شکایات آن ر یکارڈ موجود تھیںمگر بااثر گروہ سے تعلق ہونے کی وجہ سے کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جاتی تھی۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنروزیرآباد کی کاروائیوں پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں وزیرآباد کے شہریوں کیلئے مسیحا قرار دیا ہے۔ گرینڈ ننجا ماسٹر سید شہباز بخاری اور دیگر نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص اشیائے خوردنی کی فروخت میں ملوث افراد کیخلاف کاروائی کا دائرہ کار بڑھا یا جائے جبکہ خزانہ سرکار کو نقصان پہنچا کر شہر میں تعمیر ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کا نوٹس بھی لیا جائے اور ان تعمیرات میں ملوث اور غفلت کا مظاہرہ کرنے ٹی ایم اے کے افسروں اہلکاروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ موتی بازار،برتن بازار، بکر گلہ اور ریل بازار سمیت تمام مقامات سے تجاوزات کا مستقل خاتمہ کرکے شہریوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں۔