وزیرآباد کے نواحی موضع دھونکل میں قبضہ گروپ نے صدیوں پرانے قبرستان کی پانچ کنال اراضی پر ٹریکٹر چلا کر قبضہ کر لیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) وزیرآباد کے نواحی موضع دھونکل میں قبضہ گروپ نے صدیوں پرانے قبرستان کی پانچ کنال اراضی پر ٹریکٹر چلا کر قبضہ کر لیا۔ 25 قبریں مسمار۔ قبروں کی ہڈیاں وغیرہ پولیس نے اپنی نگرانی میں دوبارہ دفن کروائیں۔اہالیان دیہہ کا احتجاج ۔قبروں کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کار روائی کامطالبہ۔ تھانہ صدر کے علاقہ دھونکل کا قبرستان کلیراں سینکڑوں سال پرانا ہے اور دھونکل کے باسی اس قبرستان میں اپنے مردے دفن کرتے آرہے ہیں۔

محکمہ مال کے ریکارڈ میں بھی قبرستان واضح ہے دیہہ کے با اثر نمبر دار خاندان نے مبینہ طور پرقبرستان کی پانچ کنال ارا ضی پر ٹریکٹر چلاکر اپنی زرعی اراضی میںشامل کر لیا۔قبرستان کی کم و بیش 25قبریں برباد ہو گئیں ۔ قبروں سے انسانی ہڈیا ںادھر اُدھر بکھر گئیں۔قبرستان کی بیحرمتی کی خبر سن کر اہالیان دیہہ سراپا احتجاج ہو گئے ۔ قبرستان کی بے حرمتی کی اطلاح صدر پولیس کودی گئی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا ۔قبرستان میں بکھری ہوئی ہڈیاں پولیس نے دوبارہ اپنی نگرانی میں سپرد خا ک کرایا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملزمان نے قبروں کے بے حرمتی کرکے غیر شرعی حرکت کی ہے اور اہالیان دیہہ کے دل دکھا ئے ہیں۔ مظاہرین نے ملزمان کے خلاف اسلامی قانون کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے محکمہ مال کا ریکارڈ بھی پولیس کو دکھایا جس سے قبرستان کی تاریخ ثابت ہو تی ہے۔ پولیس نے احتجاج کرنے والوں سے مذاکرات کئے اور انہیں یقین دلایا کے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کار روائی کی جائے گی۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔