وزیرآباد کی خبریں 04/02/2015

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت معاشرے کی تعمیر و ترقی اور سماج کی فلاح وبہبود میں مصروف عمل ہے۔ تمام امور ذمہ داری سے سرانجام دیئے جارہے ہیں۔ ایکوئل ویلفیئر آرگنائزیشن وزیرآباد کے صدر مقامی صحافی محمد نصیر عاصی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسروں کے کام آنا ہی اصل زندگی ہے۔

مہذب معاشروں اور ترقی یافتہ ریاستوں میں سماج کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت اور صاحب استطاعت افراد ملکر اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔حکومت کیساتھ ساتھ صاحب استطاعت افراد پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سماج کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔سلمیٰ بٹ نے تنظیم کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایکوئل ویلفیئر آرگنائزیشن اجتماعی شادیوں، مستحقین کی امداد جیسے اقدامات سے جس طرح غریبوں اوردکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے محمد نصیر عاصی مرحوم کی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیااور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقعہ پرڈپٹی ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر میر آفتاب احمد، مرزا تقی علی، لالہ عبد الرشید، صوفی اقبال،چوہدری ضیاء اﷲ گجر،مشتاق رحمانی،صائمہ شہزادی، ظہور احمد،عابد پرویز ،رانا جگنو اور دیگر بھی موجود تھے۔

Equal Welfare

Equal Welfare

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) ملک بھر کی طرح وزیرآباد شہر میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقہ سے منایا جائیگا۔اس سلسلہ میں ملک بھر میں عام تعطیل کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔کشمیر بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شہر میں جلسے ،جلوس ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔

پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر انیس سو نوے سے منایا جا رہا ہے، اس کا مقصد کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اس سلسلہ میں اپنے بیان میں کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے علمبرداروں نے دنیا کے امن کو تباہ کررکھا ہے آج کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے دور میں جبکہ اظہار رائے تک کی آزادی کی باتوں کا ہر طرف چرچا ہے بڑے امن دشمنوں کی پشت پناہی پر بھارت نے لاکھوں انسانوںکے حق خود ارادیت کو دبا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت پر بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کوظلم وستم کا نشانہ بنا رہا ہے اپنا حق مانگنے والے لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتار چکا ہے ۔انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ جیسے ادارے عملی اقدامات کرتے ہوئے کشمیریوں کو ظلم وستم سے نجات دلائیں ورنہ عالمی امن کی تباہی کے ذمہ داروں میں ان اداروں کو شریک سمجھا جائے گا۔