وزیرآباد کی خبریں 15/12/2014

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) تھانہ صدر کے علاقہ جنڈیالہ ڈھاب والا میں 9 رکنی ڈکیت گینگ نے ہلہ بول دیا۔ دوران ڈکیتی مزاحمت پرایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ اہل علاقہ کا شدید احتجاج، آئی جی پنجاب سے امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے او ر ڈاکوئوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ۔جی ٹی روڈ پر تھانہ صدر کے علاقہ میں واقع موضع جنڈیالہ ڈھاب والا میں صبح 5 بجے کے قریب 9 مسلح ڈاکو ڈیرہ سیداں پر رہائش پذیر محمد سرورکے گھر داخل ہو گئے اور وہاں موجود سرور سمیت تمام اہلخانہ کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیکر گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا ، اسلحہ کے زور پرگھر سے 2تولے زیورلوٹ لئے مزید تلاشیوں میں مصروف تھے کہ قریبی گھر کے رہائشی26سالہ نوجوان علی عباس نے حالات کو بھانپ کر چھت پر چڑھ کرشور مچانا شروع کردیا جس پر ڈاکوئوں نے علی عباس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں علی عباس موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ اہل علاقہ کے اکٹھا ہونے پر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔صبح ہونے پر پولیس موقعہ پر پہنچی اورمقتول علی عباس کی نعش پوسٹمارٹم کے لیے سول ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ اہل علاقہ نے ڈکیتی کی اس واردات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بناتے ہوئے علاقہ بھر میں وارداتیں کرنے والے نودس بار ہ رکنی ڈکیت گینگ کو انجام تک پہنچایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) تھانہ سٹی کے علاقہ میںگیمن کے مقام سے نا معلوم شخص کی ہاتھ پائوں بندھی تشدد شدہ نعش برآمد ،مقامی افراد کی نشاندہی پرنعش کو نکال کر ہسپتال کے مردہ خانہ میں جمع کرا دیا گیا ۔ اس مقام پر اکثر ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ کام کی غرض سے گیمن تالاب کے قریب سے گزرنے والے افراد نے پانی پر تیرتی ہوئی نعش دیکھی اور شور مچادیا جس پر لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہوگیا ۔ مقامی پولیس کو اطلاع دی گئی اور بعدازاں نعش کو پانی سے نکال کر سول ہسپتال کے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا گیا ،نعش کو دیکھ کر معلوم ہوتا تھا کہ تین سے چار روز پرانی ہے اور کسی نے نامعلوم شخص کو قتل کرکے نعش چھپانے کی غرض سے متذکرہ تالاب میں پھینک دی جو بعدازاں پھول کر پانی کی اوپری سطح پر آگئی۔ مقتول کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے تھے اور جسم پر تشد د کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔تاہم مقتول کے ورثاء کا معلوم نہیں ہوسکا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) نواحی علاقہ ویروکی میں نکاسی آب کا نظام بدترین صورتحال اختیار کرگیا۔ شاملاٹ دیہہ کے جوہڑوں پر متعدد افراد کی طرف سے عمارتیں تعمیر کر لینے کے بعد آبادی کے حساب سے جوہڑ کم پڑ گئے ہیں جبکہ گلی محلوں میں نالیاں ٹوٹنے اور صفائی کا انتظام نہ ہونے کے باعث نالیاں ابل کر گنداپانی رستوں پر آجاتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کے مکینوں کو شدیدپریشانی کا سامناہے۔ حدود بلدیہ میں واقع ہونے کے باوجود مقامی ٹی ایم اے انتظامیہ علاقہ کے عوام کے مسائل کے حل کی جانب توجہ دینے میں کبھی سنجیدہ نہیں ہوئی دوسری جانب آج تک علاقہ مکینوں کیساتھ امتیاز ی سلوک برتتے ہوئے انہیں سوئی گیس جیسی نعمت سے محروم رکھا جارہا ہے۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک جب بھی انتخابات ہوئے ہیں علاقہ کی عوام کیساتھ سہولتوں کی فراہمی اور گزشتہ تیس سال سے سوئی گیس کے نعمت کی فراہمی کے وعدے پر ووٹ لئے جاتے ہیں مگر برسراقتدار آنے کے بعد سیاسی شخصیات نے کبھی اس علاقے کا رخ کرنا بھی گوارہ نہیں کیا۔ اہل علاقہ نے صدر پاکستان ممنون حسین ، وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)اوورہیڈبریج کے قریب کچہری چوک میں ریڑھی بانوں، فوڈ ریستوران کے مالکان نے اپنا نیا بازار تشکیل دے لیا،ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔ غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈ عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کا باعث بننے لگے۔ کچہری چوک میں اوورہیڈ بریج اور کوڑے کے کنٹینر کے بالکل قریب کئی ریڑھی بانوں نے مستقل اڈے بنا لئے ہیں جبکہ فوڈپوائنٹس کے مالکان اور دیگر دکانداروں کے غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کی وجہ سے رستے بالکل تنگ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہر دوسرے منٹ بعد ٹریفک بلاک ہو جاتا ہے اور اوورہیڈ بریج کے دونوں اطراف، اندرون شہر لاہوری دروازہ بازار اور سیالکوٹ روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں ۔ سکول کالج آنے جانے والے طلباء وطالبات رش میں پھنس کر تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں جبکہ ایمبولینسز کو بھی رستہ نہیں ملتا۔ عوامی، سماجی حلقوں نے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر رائو سہیل اختر، ڈی سی او گوجرانوالہ، کمشنر گوجرانوالہ سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔