وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) صحافیوں کے روپ میں کلنک کے ٹیکوں سے صحافت کو پاک کرنا ہوگا۔آوارہ منش، مختلف جرائم میں رغبت رکھنے والے افراد نے سستی شہرت اور انتظامیہ سے تعلقات کیلئے صحافت کا آسرا لینا شروع کردیا ہے جو صحافت اور معاشرے کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر صحافت بچائو تحریک سید شہباز بخاری نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کے بھگوڑوں، تعلیم سے ناآشنا مختلف افراد نے آج جس طرح صحافت کو بدنام کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اپنا حسب نسب بھلا دینے والے صحافت کے بڑے دشمن ہیں ۔ بااثر خاندانوں اور چند افسران کی خوشامدیں کر کے مفادات حاصل کرنے والوں نے صحافت کے وقار کا بیڑہ غرق کردیا ہے، سوشل میڈیا میں جعلی خبری سرخیاں دیکر، فوٹو بنوانے اور اس کی تشہیر کے شوقین،موبائلوں پر بے ڈھنگے میسجز بھجوانے والے صحافت کی الف ب سے بھی واقف نہیں انہی افراد نے صحافت کو بازار کی طوائف بنا کررکھ دیا ہے ایسے میں حقیقی صحافیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کرپٹ عناصر سے صحافت کو پاک کروانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر)ملک میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے اور ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے دہشت گردی کیساتھ بدعنوان سیاستدانوں سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار شہریوں نے ملک کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایک سروے کے دوران کیا۔ شہری محمد عثمان نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ ہیں دہشت گردوں کا اس ملک سے خاتمہ کرکے ہی دم لیا جائے اور اس سلسلہ میں کسی بھی اندرونی بیرونی دبائو کو قبول نہ کیا جائے۔ محمد یونس نے کہا کہ تعلیم انسان کو باشعور بناتی ہے بدقسمتی سے وطن عزیز کو کوئی تعلیم دوست حکمران نصیب نہیں ہوسکے بار بار وہی خاندان اور ان کے حواریوں نے یہاں حکومت کی ہے جنہوں نے اقتدار کو سرمایہ اکٹھا کرنے کا ذریعہ بنایا ہے۔اربوں ڈالر ملک سے لوٹ کر باہر کے بینکوں میں رکھوائے ہیں اور یہاں قوم کو لالی پاپ پر ٹرخایا ہے۔ ان خاندانوں او ر حکمرانوںکی اپنی اولادیں بیرون ممالک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ ملکی تعلیمی اداروں کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے ۔ عوام کو دکھانے کیلئے ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کر کے مفادات حاصل کئے جاتے اور قوم کے جذبات سے کھیلا جاتا ہے۔ بلال خان نے کہا کہ جب تک بدعنوان سیاستدانوں سے چھٹکارا حاصل نہیں کیا جاتا عوام دوست پالیسیاں نہیں بن سکتیں اور ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا۔ محمد فیصل نے کہا کہ تعلیم کے بغیر تبدیلی ممکن نہیں،قوم کو باہم متحد ہو کر اپنے لئے کوئی عوام دوست حقیقی رہنما کا انتخاب کرنا ہوگا جو ملک کو صحیح بنیادوں پر لے جاسکے اور کھویا ہوا مقام حاصل کیا جاسکے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن آفس میں نئے ٹی او آئی اینڈ ایس راجہ اقبال نے چارج سنبھال لیا ۔ قبل ازیں یہاں رانا بشارت جاوید یہاں تعینات تھے جنہیں تبدیل کر کے گوجرانوالہ بھجوادیا گیا ہے ۔ سنیئر صحافیوں صدر پریس کلب دھونکل محمود احمد خان لودھی، سید شہباز بخاری نے راجہ اقبال سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور وزیرآباد میں تعیناتی پر خوش آمدید کہا۔ راجہ اقبال نے اس موقعہ پر آنے والے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن میں اپنے ذمہ فرائض کو بخوبی سرانجام دیں گے اور کسی کام میں رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی۔