وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر اور گردونواح میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ مساجد اور گھروں میں درودوسلام کی خصوصی محافل کا انعقاد۔ گلی محلوں کو سجانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جبکہ میلاد جلوس اور محافل نعت کے انعقاد کیلئے بھی پروگرام تشکیل دے لئے گئے ہیں اس سلسلہ میں اشتہارات وغیرہ چسپاں کرنے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔عید میلاد النبیۖ کے موقعہ پر سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں، گھروں، مساجد، پارکوں، تفریحی مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہرات کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیاء سے سجایا جائے گا۔مختلف چوکوںچوراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بچوں کی طرف سے چندہ مہم بھی زور شور سے جاری ہے۔خانہ کعبہ، مسجد نبوی سے مشابہت والے بینرز، جھنڈے، جھنڈیاں، بیج اور ڈیکوریشن کی ہول سیل و پرچون دکانوں پر فروخت بڑھ گئی ہے۔ شہری علاقوں کی طرح قریبی دیہاتوں دھونکل، ویروکی، منظور آباد ، دادوالی، کوٹ حضری اور دیگر مقامات پر گلی محلوں اور مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا جارہا ہے۔رات کے اوقات میں گلیاں خوبصورت منظرپیش کرتی نظر آتی ہیں۔ مقامی میلادکمیٹیوں ،مذہبی ،روحانی ،سماجی اور تجارتی تنظیموں نے اس سلسلہ میں اپنے پلان تشکیل دے لئے ہیں اور عیدمیلاد النبیۖ عقیدت واحترام کیساتھ منائی جائے گی۔ شہری تنظیموں نے ٹی ایم او وزیرآباد، ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر وزیرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ عید میلاد النبی ۖ کے جلوسوں کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)ٹی ایم اے انتظامیہ محلہ حاجی پورہ کے مکینوں کو درپیش مسائل کے خاتمہ کی طرف بھی توجہ دے، اہل علاقہ کا مطالبہ۔ گلی نمبر4حاجی پورہ سے باہر ڈسکہ روڈ کی جانب جانے والی گلی عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہے۔نکاسی آب کا مناسب بندوبست اور بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گلی میں کئی کئی فٹ گندا نالیوں کا پانی جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے اہل محلہ کو بے پناہ مسائل کاسامنا ہے۔ جوہڑ میں تبدیل ہونے والی گلی سے اہل علاقہ گھروں میں محصور ہو کررہ جاتے ہیں۔ نمازی مساجد میں نہیں پہنچ پاتے جبکہ بچوں اور خواتین کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ اہل علاقہ نے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ حاجی پورہ گلی نمبر4کی حالت زار کی طرف توجہ دیکر ان کے مسائل میں کمی لائی جائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)روز ٹی وی پر آکر عوامی ریلیف کی باتیں کرنے والوں کو عوام پھر یاد نہیں رہی، عمران خان کی طرف سے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی بجلی مہنگی کرنے کی باتیں ہونے لگی ہیں جبکہ ایل پی جی سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں بھی کنٹرول ریٹ سے باہر ہورہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات میں بھی پس وپیش سے کام لیا جارہا ہے قوم دیکھ رہی ہے کہ برادران کو اپنے اقتدار کے سوا کسی سے کچھ محبت نہیں،روزگار ،انصاف سے محروم غریب طبقہ کی کہیں شنوائی نہیں ہورہی ۔ ملک میں امن وامان کی صورتحال روزبروز بگڑتی جارہی ہے قوم غیر محفوظ جبکہ حکمرانوں نے ریاستی اداروں کو اپنی اور اپنی اولادوں کی حفاظت پر مامور کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کواس وقت صرف محب وطن قیادت کی ضرورت ہے اور عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک وقوم کو ہر طرح کے بحرانوں سے نجات دلاسکتے ہیں۔