وزیرآباد کی خبریں 11/10/2014

Wazirabad

Wazirabad

صوبائی حکومت،ضلعی انتظامیہ سانحہ قاسم باغ ملتان کی ذمہ دار ہے

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) صوبائی حکومت،ضلعی انتظامیہ سانحہ قاسم باغ ملتان کی ذمہ دار ہے،سیکیورٹی انچارجز اور ڈی سی او سمیت دیگر ذمہ داروں کیخلاف کاروائی کی جائے۔ پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی مبینہ ایماء پر ضلع ملتان کی انتظامیہ نے جلسہ کے شرکاء کو وہ سہولتیں فراہم نہ کیں جو ایک ریاست کی ذمہ داری میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں 8قیمتیں جانوں کا ضیاع ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے کیمرہ کی آنکھ سے دیکھ لیا ہے کہ سیکیورٹی انتظامیہ نے جلسہ میں لاکھوں شرکاء کے آنے کے باوجود انہیں واپسی کیلئے مناسب رستہ فراہم نہیں کیا،مختلف رکاوٹیں ڈالی گئیںاور باہر نکلنے والے لوگوں کیلئے انتظامیہ کی طرف سے مختص کئے گئے2 گیٹ بھی مکمل طور پر نہ کھولے گئے جس کی وجہ سے لوگ دروازوں میں پھنس گئے ، حبس اور ایک دوسرے کے نیچے آنے کے نتیجہ میں انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ احمد فراز لودھی نے کہا کہ واقعہ کے بعد بھی ذمہ داران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلسے کے شرکاء کو ہی واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں کی گڈ گورننس کا سانحہ قاسم باغ نے پول کھول دیا ہے انہوں نے کہا کہ جس ریاست کی مشینری اپنے لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے بہترین اقدامات نہ کرسکے وہاں کے حکمران نااہل تصور ہوتے ہیں۔ سانحہ قاسم باغ کے نتیجہ میں حکمرانوں کو مستعفی ہوکر محنتی قیادت کو سامنے آنے کا موقعہ دینا چاہیئے ورنہ سانحے جنم لیتے رہیں گے اور عام لوگ مرتے رہیں گے۔ انہوں نے واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک میں جاری سیاسی بحران کے نتیجہ میں ملکی معاملات کا مزید بیڑہ غرق ہو گیا ہے
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) ملک میں جاری سیاسی بحران کے نتیجہ میں ملکی معاملات کا مزید بیڑہ غرق ہو گیا ہے ، حکمران سیلابی امداد کی نمائش میں مصروف ہیں جبکہ مہنگائی نے غریب کا جینا دوبھر کردیا ہے ، ملکی سرحدیں بھی محفوظ نہیں رہیں۔ ان خیالات کا اظہار شہریوں محمد عباس نعیم، محمد یونس بھٹو، محمد عثمان، محمد فیصل، وسیم احمد ، احمد عثمان خان اور دیگر نے ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا ۔ شہریوں نے کہا کہ پورے ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے عام آدمی کو ریلیف دینے کے سبھی وعدے ہوا ہوگئے ہیں ملکی تاریخ کی مہنگی ترین بجلی، گیس اور اشیائے خوردونوش کی آسمان کو چھوتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی غربت کا بھرم بھی نہیں رہنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں کی بھرمار کے باوجود عام آدمی کی ضرورت کی اشیاء سستی نہیں ہوئیں، حکومتی شریف برادران سیلابی علاقوں میں منتخب متاثرین میں امدادی25ہزار روپے کی تقسیم کی نمائش کر کے اپنی کارکردگی دکھانے میں مصروف ہیں جبکہ ملکی معیشت تباہ وبرباد ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ملکی معاملات میں سنجیدگی کا عالم یہ ہے کہ آج ملکی سرحدیں بھی محفوظ نہیں رہیں، پاکستان کا ازلی دشمن بھارت پاکستانی حکمرانوں کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر مسلسل گولہ باری کر کے نہتے شہریوں کو خون میں نہلا رہا ہے ۔سفاک دشمن کے ظلم وستم پرحکمرانوں کی پراسرار خاموشی نے کروڑوں پاکستانیوں کو کرب میں مبتلا کررکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں کو عوام کا خوف نہیں تو نا سہی اﷲ کا ڈر دل میں رکھیں اور خلق خدا کو ریلیف دینے اور ان کے جان ومال کے تحفظ میں اپنا فرض نبھائیں۔ شہریوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو آنے والا وقت انہیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔