وزیرآباد کی خبریں 11/01/2015

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے پر آج 12 جنوری کو دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔ملک بھر میں دہشت گردی کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی کے علاوہ میٹل ڈیٹیکٹر کی موجودگی اور اونچی دیواروں پر خاردار تاروں کی تنصیب جیسی شرائط مقامی ڈی سی او ز کے ذریعے سکول سربراہان کے لئے لازمی قرار دی گئی ہیں اس سلسلہ میں شہر وزیرآباد کے سکولوں میں ابھی کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ جی ٹی روڈ نظام آباد پر واقع گورنمنٹ ہائی سکول کی ابھی تک چار دیواری بھی مکمل نہیں ہوسکی اور موقعہ پر دیواروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ سکولوں میں حاضر ہونے کی غرض سے طلباء وطالبات نے اپنے ہوم ورک اور بستوں کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) دہشت گردی،مہنگائی’ قتل و غارت گری اور ظلم و جبر کا دور کرپٹ قیادت اور فرسودہ نظام کا نتیجہ ہے۔ تحریک انصاف ہی ملک کو درپیش بحرانوں،تباہی اور انتشار سے باہر نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما عدنان سرور چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی باری باری کی حکومتوں نے ملک میں لوٹ مار کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں۔ اقربا پروری کے ذریعہ ملکی اداروں کو لوٹا جارہا ہے اہم ترین اداروں کی بااثر پوسٹوں پر حکمرانوں کے حواری اور اولادیں تعینات ہیں ملک میں میرٹ کے نام پر عام آدمی کے حقوق کا استحصال کیا جارہا ہے شریف برادران غریب تعلیم یافتہ اور قابل افراد کو ڈرائیور ، چوکیدار بنانے کی پالیسیاں سامنے لاتے ہیں جبکہ اپنی اولادوں کو اربوں کھربوں کے پراجیکٹس پر بغیر کسی میرٹ کے تعینات کرلیا جاتا ہے ۔ عدنان سرور چیمہ نے کہا کہ جب تک ملک میں برابری کی بنیاد پر شہریوں کو حصول تعلیم اور روزگارکے مواقع میسر نہیں آتے ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر 6 دہائیوں سے چند خاندان مسلط ہیں جو عام آدمی کی ترقی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری اور نواز شریف مل کر جمہوریت نہیں بچاتے بلکہ ایک دوسرے کی کرپشن کو بچاتے ہیں۔چیمہنے کہا کہ کروڑوں پاکستانی عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں بہت جلد تحریک انصاف اقتدار میں آکر عوام دوست پالیسیاں ترتیب دیگی جس سے ملک میں ترقی وخوشحالی کا حقیقی انقلاب برپا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) پٹرول کی قیمتوں میں دو بار واضح کمی کے باوجود رکشہ مالکان نے کرایوں میں کمی نہیں کی۔ شہریوں کا متعلقہ حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ نواحی علاقہ دھونکل، بھروکی اور ویروکی کے مکینوں نے بتایا کہ رکشہ مالکان نے پٹرول کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ ہونے پر10 روپے فی سواری سے کرایہ بڑھا کر15 کررکھا تھا جو بعدازاں خود ہی فی سواری 20 روپے کردیا گیا اور شہری یہ ظلم برداشت کررہے اب جبکہ کرایہ کی قیمتوں میں دو بار واضح کمی کے بعد فی لیٹر پٹرول پر30 روپے تک کمی ہوچکی ہے رکشہ مالکان بدستور زائد کرایے وصول کررہے ہیںاور احتجاج پر شہریوں کیساتھ بدتمیزی کی جاتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی کے ثمرات عام آدمی تک نہیں پہنچ پائے بلکہ ٹرانسپورٹ مالکان مافیا کی صورت اختیار کرچکے ہیں جو کرایوں میں کمی نہ کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں لوٹ رہے ہیں۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنروزیرآباد، ڈی سی او گوجرانوالہ اور دیگر حکام بالاسے مطالبہ کیا ہے کہ متعدد دیہاتوں سے شہر آنے والے رکشائوں کے کرایوں میں کمی کرائی جائے تاکہ عوام الناس حکومتی اقدامات سے مستفید ہوسکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) باب وزیرآباد تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ باب وزیرآباد اور دیگر تعمیرات سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔ شہر کی بہتری کیلئے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی کاوشیں قابل قدر ہیں جس پر شہری حلقے ان کے بے حد مشکور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر انجمن شہریاں محمود احمد خان لودھی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میںوزیرآباد کو تعمیر وترقی کے حوالہ سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اے سی وزیرآباد رائو سہیل اختر نے ذاتی دلچسپی لیکر شہر کو خوبصورت بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ شہر کے مختلف اہم ترین مقامات پر موجود برسوں پرانے گندگی کے ڈھیروں کو ختم کرواکے ان کی جگہ پارکس کی تعمیرات او ر مختلف مقامات پر دیدہ زیب ماڈلز کی تنصیب کے علاوہ باب وزیرآباد ان کا اہم ترین کارنامہ ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح رائو سہیل اختر نے وزیرآباد شہر کو اپنا گھر سمجھ کر اس کے مسائل کے خاتمہ کی سنجیدگی سے کوششیں کی ہیں ان پر شہری حلقے ان کے بے حد مشکور ہیں اور انہیں وزیرآباد سے تبدیل ہو کر جانے پر بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Wazirabad News

Wazirabad News

Wazirabad News 1

Wazirabad News 1