وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) جی ٹی روڈ اوجلہ کلاں سے جوڑہ چوڑہ کی جانب جانے والی سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، مختلف علاقوں کے ہزاروں افراد کو روزانہ آمدورفت میں تکالیف کا سامنا،وزیر اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔کوٹ عنایت خاں ،جوڑہ چوڑہ اور دیگر مواضعات کے افراد نے صحافیوں کو بتایا کہ مین جی ٹی روڈ سے جوڑہ چوڑہ اور دیگر علاقوں کو جانے والی اہم روڈ عرصہ دراز سے شکست وریخت کا شکار ہے۔جگہ جگہ پڑے کھڈوں کی وجہ سے سڑک استعمال کرنے والے ہزاروں افراد کو روزانہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ سڑک پر چلنے والی ٹرانسپورٹ، گاڑیاں، موٹر سائیکل کھڈوں کی وجہ سے تباہ وبرباد ہورہے ہیں۔ مقامی افراد نے بتایا کہ متذکرہ سڑک رچنا کالج یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو جانے کا واحد رستہ ہے یونیورسٹی آنے جانے والے طالبعلم سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے سخت اذیت سے دوچار ہوتے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں اور رچنا کالج کے طالبعلموں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ خصوصی نوٹس لیکر جوڑہ چوڑہ کو جانے والی سڑک کو جلد ازجلد مرمت کرایا جائے۔
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) گیپکو سب ڈویژن نمبر2کولار فیڈر کا نظام بوسیدہ اور اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے بجلی کی خرابی معمول بن گئی ۔معمولی فالٹ آنے کی صورت میں کئی دیہات کئی کئی گھنٹے تاریکی میں ڈوبے رہتے ہیں۔ کولار فیڈر کے صارفین کا اعلیٰ حکام سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ۔67.18کلو میٹر لمبی فیڈر لائین پر میٹریل زیادہ تر زنگ آلود ہوچکا ہے بیشتر جگہوں سے کنڈیکٹر بوسیدہ ہو کر کام کرنا چھوڑ جاتا ہے۔ معمولی ہوا اور بارش کے آتے ہی فیڈر ٹرپ ہوجاتا ہے جس پر کئی کئی گھنٹے بجلی بحال نہیں ہوتی۔رہی سہی کسر فیڈر کی اکھاڑ پچھاڑ اور بیشتر مقامات پر نقشہ کے برعکس تبدیلی نے پوری کردی ہے بااثر افراد سے رقوم لیکر فیڈر کی لائنیں آگے پیچھے کرنے سے معاملات اور بھی خراب ہوچکے ہیں ایسے مقامات پر اکثر فالٹ آنے سے کولار فیڈر پر بجلی کئی گھنٹوں کیلئے منقطع ہوجاتی ہے جس سے کولار فیڈر کے ہزاروں گھریلو، زرعی، صنعتی ،کمرشل صارفین کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فیڈر کی لمبائی زیادہ ہونے اور مختلف اقسام کا پرانا کنڈیکٹر استعمال ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل میں اضافہ کیساتھ فیڈر پر لائن لاسز میں بھی اضافہ ہوچکا ہے ۔صارفین نے چیف ایگزیکٹو گیپکو سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔