وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) موسلا دھار بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا۔ نشیبی علاقوں کے مکینوں کی مشکلات میں اضافہ، فصلیں، درخت، پتے دھل کر نکھر گئے۔ ایک طرف موسم بہار کی آمد آمد ہے تو دوسری جانب فروری کے مہینے میں دوسری مرتبہ موسلادھار بارش کی وجہ سے فضائی آلودگی میں کمی واقع ہوئی ہے گزشتہ روز بارش اور متعدد علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ بروقت بارش کی وجہ سے گندم کی فصل کو درکار پانی کی ضرورت پوری ہوئی۔
شہر کے علاقوں قدرت آباد، نظام آباد ،جناح کالونی اور دیگر مقامات پر نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ قدرت آباد کے مکینوں نے بتایا کہ سڑک کا کام کئی ماہ سے ادھورا چھوڑ کر ٹھیکیدار غائب ہوگیا ہے معمولی بارش کے بعد کھڑا ہونے والا پانی کئی مہینے تک یہیں کھڑا رہتا ہے ۔ شہریوں نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹر سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔