وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) یونین کونسل بھروکی سے منتخب ہونے والے کسان کونسلر ملک محمد یسین کی رہائشگاہ نواحی علاقہ ویروکی میں نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کا ایک اجلاس ہوا ۔جس میںنومنتخب نمائندوں کے علاوہ علاقہ کی سیاسی ،سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔۔ چیئرمین یونین کونسل بھروکی صاحبزاہ جہانزیب علی خان نے مخصوص نشستوں سے انتخابات جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو علاقہ کی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح وبہبود کیلئے ملکرنیک نیتی سے کوششیں کرنا ہوں گی۔ بلدیاتی نظام کے فعال ہونے میں تاخیر کی وجہ سے دیہی علاقوں میں ترقی کا سفر جمودکا شکار ہے۔ یونین کونسلوں کی سطح پر شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج نظام، سٹریٹ لائٹس، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں اور گلیوں کی درستی کے علاوہ تعلیم و صحت اور کھیلوںکے منصوبوں پرفوری کام کروانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مزید تاخیر کئے بغیر بلدیاتی نمائندوں کو تمام تر اختیارات کیساتھ فعال کرتے ہوئے فنڈز جاری کرے تاکہ نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل ہوں۔اس موقعہ پر وائس چیئرمین مقدس علی چیمہ، سابق کونسلر ملک محمد اکرم،اشرف بھٹی،ملک محمد امین،سہیل قادری،دائود ارشد، لقمان بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) سورج ہوا مدھم تو سردی اپنی جگہ بنانے لگی، شہر اور گردونوا ح میں سورج اپنی چمک دمک نہ دکھا سکا، شہریوں نے سویٹر اور گرم چادریں اوڑھ لیں۔ چھٹی کے روز سردی کی شدت میں اچانک ہوا اضافہ، ضعیف العمر افراد اور نوجوان نسل کیلئے سردی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیاریوں کا الارم بج گیا۔ اتوار کے روز معمول کے مطابق سورج صحیح طور پر جلوہ افروز نہ ہوسکااور فضاء میں ہلکی سی کہر چھائی رہی۔سردی کی شدت میں اضافہ کے بعدفاسٹ فوڈز اور خشک میوہ جات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے گرم چادریں سویٹر، جرسیاں اور جیکٹیں اوڑھ لیں جبکہ گرم موسم میں استعمال ہونے والے جوتوں کا استعمال ترک کرکے جوگر ز اور بوٹوں کا استعمال شروع کردیا گیا۔سرد ہوائوں کے نرم تھپیڑوں نے ضعیف العمر افراد اور بچوں کوجھنجھلا کررکھ دیا بڑی تعداد نزلہ زکام میں مبتلا ہوگئی۔ ماہرین صحت ڈاکٹر محمود منہاس،ڈاکٹر بلاول ارشد چیمہ نے کہا ہے کہ صحت ہے تو جہان ہے بدلتے موسم کے مضر اثرات سے بچائو کیلئے بروقت احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں۔موسم سرما کی آمد کیساتھ ہی نزلہ، زکام، گلے کی خرابی، سردرد اور بخار کی شکایات عام ہوجاتی ہیں ۔بیماریوں سے بچائو کیلئے گرم کپڑوں کے استعمال کیا جائے پوری آستین والے کپڑے پہنے جائیں جبکہ کولڈ ڈرنکس اورٹھنڈے پانی کے استعمال سے گریز کیا جائے۔