وزیرآباد کی خبریں 15/8/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) ممتاز عالم دین اجمل رضا قادری رضوی نے کہا ہے وطن سے محبت ایمان کی نشانی ہے۔ آزادی انمول نعمت ہے جسے پاکستانی قوم نے بے شمار قیمتی جانوں کا نذرانہ دے حاصل کیا ہے۔ حب الوطنی کا تقاضہ ہے کہ ہر پاکستانی یوم آزادی پاکستان ملی جوش و جذبے کیساتھ منائے اور یوم آزادی پرقیام پاکستان کے مقصد اورحصول پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہر گز فراموش نہ کرے۔نواحی علاقہ ویروکی میں علامہ الیاس رضا قادری کی زیر صدارت ” نظریہ پاکستان اور آزادی کی نعمت ”کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دنیا کی تاریخ میں اتنی بڑی ہجرت نہیں ہوئی جتنی اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والی واحد ریاست پاکستان کیلئے ہوئی۔ دو قومی نظریہ ہی تھا جس نے مسلمانوں کو الگ تشخص اور پہچان دلوائی۔ پاکستان بنا آج عاقبت نااندیش عناصر پاکستان کی اسلامی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے اقوال اور تقاریراسلامی تعلیمات کے زیر اثر ہیں انہوںنے انگریزوں کی چالوں کے باوجود فرقہ واریت کوپنپنے نہ دیا اور اسلامی نظریہ پر مختلف علاقوں ،مختلف فرقوں سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو ایک قوم بنا دیا ۔کلمہ طیبہ ہی ہمارا نظریہ پاکستان ہے۔گاندھی اور نہرو کی مطالبہ پاکستان کیخلاف دلیل یہ تھی کہ تبدیلی مذہب سے قوم تبدیل نہیں ہوتی انگریز کے وفادار دانشور بھی یہی نقطہ نظر رکھتے تھے کہ قوم وطن سے بنتی ہے مذہب سے نہیں لیکن علامہ محمد اقبال اورقائد اعظم محمد علی جناح دونوں کا پرزور موقف یہ تھا کہ مسلمان اپنے الگ مذہب کی بنیاد پرایک جداگانہ قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی نظریہ پاکستان یعنی قرآن کریم کی اصولی ہدایات پر عمل کر کے اور اسوہ رسولۖ کی پیروی سے پاکستان کو ایک خوبصورت، پر امن اور بہترین اسلامی جمہوریہ پاکستان بنا سکتے ہیں۔اس موقعہ پر ثناخوان رسولۖ شفقت محمود، کرامت علی کرامت ، حسن ریاض اور دیگر نے نبی پاک ۖ کی شان میں ہدیہ عقیدت پیش کرکے سماں باندھ دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) گرمیوں کی طویل چھٹیوں کے بعد آج سے پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ، سکولوں کے کھلتے ہی گلیوں ، بازاروں اور سڑکوں کی رونقیں دوبارہ لوٹ آئیں۔وزیرآباد اور گردونواحکے اسکولوں میں بچوں کی تعداد معمول سے کم رہی۔گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے بعد بچے اداس چہروں کے ساتھ سکولوں میں داخل ہوئے اور اساتذہ ،اپنے ہم مکتب ساتھیوں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ بچے ایک دوسرے سے چھٹیوں کے کام بارے دریافت کرتے رہے۔ تمام سرکاری اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں باقاعدہ طور پر بحال ہو گئی ہیں۔ والدین کا کہناہے کہ چھٹیاں گزارنے کے بعد پہلے دن بچوں کو اسکول لانا سب سے زیادہ کٹھن مرحلہ ہوتا مگر پڑھائی تو لازم ہے۔ بچوں کے اغواء بارے پھیلائی جانے والی افواہوں کے پیش نظروالدین خود سکولوں میں بچوں کو لانے لیجانے کی ذمہ داری نبھاتے نظر آئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(عقیل احمد خان لودھی) شہریوں کا سکون تباہ کرنے والا ڈکیت گینگ پولیس تھانہ سٹی نے دھر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد افضل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی وزیر آباد رانا شبیر احمد کے احکامات پر عرصہ سے علاقہ میں چوری ، ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے ملزمان کے خلاف خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ۔ جنہوں نے مختصر عرصہ میں کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بلال عرف بالی گینگ کو حراست میں لے لیا۔18سالہ بلا ل عرف بالی ولد امتیاز علی ساکن شیش محل اپنے ساتھیوںعمر شہزاد عرف عمری ولد ثناء اﷲ سکنہ محلہ جلالپورہ حمادعرف مادی اور شفیق عرف جوگی ولد محمد رفیق اور دو نامعلوم ساتھیوںکے ہمراہ قبرستان نزد حوامیموریل ہسپتال میں ڈکیتی کی نیت سے بیٹھے تھے کہ اطلاع پر پولیس نے ریڈ کرکے کامیاب کاروائی میں چاروں ملزمان کوگرفتار کرلیا جبکہ دو نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے۔ پکڑے جانے والے ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ کے علاوہ 45ہزار روپے نقدی، ایک ہنڈا125موٹر سائیکل اور 5عدد موبائل فون برآمد کرلئے۔ بلال وعرف قبل ازیں بھی جیل جاچکا ہے۔ ملزمان سٹی وزیرآباد میں چوری، نقب زنی کی وارداتوں میں کافی عرصہ سے مطولب تھے، اہل علاقہ نے کامیاب کاروائی پر پولیس تھانہ سٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(عقیل احمدخان لودھی) ایڈیشنل سیشن جج نے مقدمہ قتل کا فیصلہ سنا دیا، مجرم کو سزائے موت وجرمانہ۔تھانہ سٹی کے علاقہ سول کورٹ کے باہر مجرم فہمید عرف بھولا وڑائچ نے2013ء میں فائرنگ کرکے خاتون شبانہ بی بی کو قتل کردیا تھا۔ جس کا مقدمہ مظہر فاروق ساکن سوہدرہ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس کی طرف سے عمران عصمت چوہدری ایڈووکیٹ نے پیروی کی۔ گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج انعام الٰہی نے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم فہمید عرف بھولا وڑائچ کو سزائے موت اور20لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی گئی جبکہ مقدمہ کے دوسرے ملزم طارق بٹ کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) ناقص کارکردگی ، فرائض میں غفلت اور غلط تصویری میٹر ریڈنگ پر گیپکو نے ایس ڈی او سمیت 9 اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا جبکہ 8کے عہدوں کی تنزلی کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ڈی اوغلام رسول (شکرگڑھ) کو تصویری میٹر ریڈنگ میں مطلوبہ اہداف حاصل نہ کرنے اور ناقص کارکردگی پر نوکری سے برخاست کر دیا جبکہ فرائض میں غفلت اور مختلف وجوہات کی بناء پر ایل ڈی سی سجاد احمد ، شفیق علائولدین ، منیر احمد، حسن رضا ، محمد ضرغام ، دلاور حسین اور ثاقب حسین فراز (میٹر ریڈر ) کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے ۔ اسی طرح طارق محمود (لائن سپرنٹنڈنٹ)، محمد یونس فور مین)، محمد بشیر بٹ( سیکورٹی گارڈ)، محمد عاصم افضل (اسسٹنٹ لائن مین)، شااہد حنیف (اسسٹنٹ لائن مین)، شفقت اللہ (لائن مین ون)اور عرفان احمد (میٹر ریڈر)کو مختلف محکمانہ الزامات کی بناء پر انکوائری کر کے ان کے عہدوں پر تنزلی کے احکامات جاری کئے ہیں