وزیرآباد کی خبریں 22/10/2014

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ایل پی جی مافیا نے گھریلو سلنڈر کی قیمتیں آسمان تک پہنچا دیں۔ چند ماہ قبل تک 13سو روپے میں فروخت ہونے والا سلنڈر2ہزار تک پہنچ گیا۔انتظامیہ قیمتیں کنڑول کرنے میں ناکام۔ شہریوں کا ارباب اختیار سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ ملک بھر کی طرح وزیرآباد شہر میں بھی 11کلو گرام گیس کا سلنڈر2ہزار روپے کی سطح کو چھونے لگا ہے۔ بعض مقامات اور قریبی دیہاتوں میں قیمت اس سے بھی زیادہ وصول کی جارہی ہے کوٹ خضری کے قریب سلنڈر گیس ایجنسی کے مالکان کم وزن کا سلنڈر2ہزار روپے میں فروخت کررہے ہیں جبکہ کسی بھی سطح پرانتظامیہ سلنڈروں کی قیمتیںکنٹرول کرنے میں ناکام ہے بعض مقامات پر ناجائز منافع خوری کی خاطرانتہائی خطرناک طریقہ سے ایک سے دوسرے سلنڈر میں گیس منتقل کی جاتی ہے جن میں اسلام آبادموڑ،کوٹ خضری ، ڈسکہ روڈ پر قائم ایجنسیاں شامل ہیں جو پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی غیر قانونی طور پر ایل پی جی سروس فراہم کررہے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان، کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کیساتھ غیرقانونی ری فلنگ کرنے والی ایجنسیوں کا کریک ڈائون کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے حکمران محض بیان بازیوں سے کروڑوں پاکستانیوں کو لولی پاپ دینے میں مصروف ہیں۔ پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کے تحفظ کی کوئی بات نہیں ہوتی۔ حکمران اور برسراقتدار جماعتیں ایک دوسرے کے خاندانوں اور اپنے عزائم کو تقویت دینے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ملکی صورتحال پر شہریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ گرینڈ ننجا ماسٹرسید شہباز بخاری نے کہا کہ 2جماعتیں اپنے دور اقتدار میں بلدیاتی انتخابات نہ کرواکے عوام کیساتھ زیادتی کررہے ہیں ، بلدیاتی طرز حکومت ہی اصل جمہوریت ہے جبکہ چند خاندان وفاقی، صوبائی طرز حکومت میں اپنے وسیع مفاد کی خاطر ملک میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے مہنگائی نے خود کشیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ وعدوں کے مطابق حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ہر روز عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا اور ہر روز بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کیلئے زندہ رہنا مشکل بنایا جارہا ہے۔ محمد عثمان (سٹریم لائن) نے کہا کہ روزمرہ استعمال کی عام اشیاء روزبروز مہنگی ہورہی ہیں۔ گھی،چینی،دالوں اورسبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں ہر جگہ مہنگائی کا طوفان برپا ہے ایک عام آدمی اپنے بچوں کی دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے پریشان نظر آتا ہے۔محمد فیصل نے کہا کہ ملک میں اس قدر مہنگائی ہوچکی ہے کہ ایک ماہ کے راشن کی خریداری کرلینے کے بعد تنخواہ دار طبقہ اور مزدور کے پاس بجلی،پانی،گیس اور دیگر اخراجات کیلئے کچھ باقی نہیں بچتا۔تحریک انصاف کے رہنمااحمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی تو دوسری طرف چوری ڈکیتیوں اور جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے وطن عزیز میںانسانوں کے سکون کو تباہ وبرباد کردیا ہے حکمران طبقہ اور ان کے منظور سرمایہ داروں کے سوا ہر شخص پریشان ہے۔ ملک کو قرضوں کے مزید بوجھ تلے دبا دیا گیا ہے اور خوشحالی صرف دعوو ں میں رہ گئی ہے۔ عوام الناس کا سکون تباہ وبرباد ہوگیا ہے جبکہ حکمران اور ان کی حلیف جماعتیں قوم کے سامنے اپنے وعدوں کے پورا نہ کرسکنے پر شرمندگی کی بجائے ڈٹ کر جھوٹ بولتے ہیں کہ ملک ترقی کررہا ہے اور پارلیمنٹ میں ایک دوسرے کی کرپشن پر پردے ڈالنے کے سوا کوئی کام نہیںہورہا۔ شہریوں نے حکمرانوں اور برسراقتدار طبقہ سے اپیل کی ہے کہ سنجیدگی سے عوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ناکہ ڈنگ ٹپائو سکیموں اور جھوٹے بیانات پر کام چلایا جائے۔