وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) سوئی گیس عملہ نے بغیر کسی نوٹس کے فیکٹری کا میٹر کاٹ لیا، فیکٹری انتظامیہ کو علم ہونے پر فیکٹری کے مزدور سڑک پر آگئے مقامی پولیس کے آنے پر میٹر دوبارہ لگا دیا گیا۔ جی ٹی روڈ پر واقع شارپ ایج فیکٹری کو سوئی گیس حکام کی طرف سے مبینہ طور پر ناجائز بل ڈال دیا گیا۔
فیکٹری مالک حاجی محمد یعقوب کے مطابق بل کی متنازعہ رقم بارے انہوںنے عدالت سے حکم امتناعی بھی حاصل کررکھا تھا جبکہ ہر ماہ متنازعہ رقم کی درستگی کے بعد جمع کروایا جارہا ہے۔ سوئی گیس عملہ کے اراکین انہیں گزشتہ ماہ بھی بلیک میل کر کے ہزاروں روپے بٹور کر لے گئے۔
فیکٹری مالکان کی عدم موجودگی میں محکمہ سوئی گیس کے 3کنٹریکٹ ملازمین گزشتہ روز دوبارہ آئے اورفیکٹری انتظامیہ کو آگاہ کئے بغیر میٹر اتارنا شروع کر دیا۔ صورتحال کا علم ہونے پر فیکٹری کے مزدور سڑک پر نکل آئے اور انہوں نے سوئی گیس محکمہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عملہ کو میٹر کاٹنے سے روک دیا بعد ازاں ایس ایچ او تھانہ صدر مدثر اقبال نفری کے ہمراہ موقعہ پر آگئے جنہیں دیکھ کر میٹر کاٹنے والے عملہ نے میٹر دوبارہ لگادیا۔
سوئی گیس افسران سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ملازمین نے اپنے طور پر یہ حرکت کی ہے تحقیقات کے بعد کاروائی کی جائے گی۔ سوئی گیس عملہ کو تھانہ لیجایا گیا جہاں سے بااثر افراد کی مداخلت پر انہیں بغیر کسی کاروائی کے بھجوادیا گیا۔
فیکٹری مالکان اور دیگر صنعتکاروں نے سوئی گیس عملہ کی غیرقانونی کاروائیوں پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔