اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن میں کوئی امتیاز نہیں برتا جا رہا۔
بدھ کو سینیٹ کی قائم کمیٹی برائے امور خارجہ کے ایک اجلاس میں عزیز نے ‘پاکستانی خارجہ پالیسی کا سٹرٹیجک ویژن ‘پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ‘اچھے اور برے طالبان کے درمیان کوئی امتیاز نہیں اور فوجی آپریشن سبھی کے خلاف ہو رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان پر کچھ طالبان گروہوں کی پشت پناہی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر ریاستی عناصر کی حمایت نہیں کر رہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فوجی آپریشن کے بعد ملک میں دیرپا امن بحال ہو جا ئے گا۔
کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ چین کے لئے معاشی کوریڈور اس وقت تک سٹرٹجک پارٹنر شپ کو مضبوط نہیں کر سکتا جب تک پاکستان اپنے قبائلی علاقوں سے چین پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے معاملے سے نمٹ نہیں لیتا۔
عزیز کامزید کہنا تھا کہ حکومت ملک کی سلامتی سمیت خارجہ پالیسی کے تمام اہداف کی تکمیل تک کوششیں جاری رکھی گی۔