شمالی وزیرستان آپریشن: بے گھر افراد کیلئے کیمپ قائم کر دیا گورنر سندھ

Ishrat Ul Ebad Khan

Ishrat Ul Ebad Khan

کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں اور اس جنگ میں انہیں کامیابی ہوئی ہے، وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہو چکی، پاکستان آرمی کی جانب سے ان کی دیکھ بھال کے لیے بہتر اقدامات کیے جارہے ہیں اس حوالے سے ایک فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں امدادی کیمپس لگانے سمیت کراچی میں مرکزی کیمپ سی او ڈی پر قائم کیا گیا ہے، شہری اور مخیر حضرات اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کی شام جہانگیر پارک صدر میں زیب النسا اسٹریٹ اور عبداﷲ ہارون روڈ پر سی پی ایل سی اور کے ایم سی کی چارجڈ پارکنگ کے اجرا کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، یہاں امن و امان بہتر بنانے کے لیے فورسز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دہشت گردی کے واقعات ہونے سے قبل ہی انہیں روکنے میں کامیابی ہوئی تاہم اس میں شہریوں کی عملی شراکت خصوصاً فیلڈ میں کام کرنے والے کارکنوں کا تربیت یافتہ اور مستعد ہونا ضروری ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ چارجڈ پارکنگ میں کام کرنے والے عملے کو تربیت ہونی چاہیے کہ وہ ایسی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکیں کہ جن میں دہشت گردی کا خطرہ ہو، انہوں نے کہا کہ صدر میں چارجڈ پارکنگ اس لیے قائم کی گئی ہے کہ بے ہنگم کھڑی گاڑیوں کو ترتیب سے قطار میں کھڑا کیا جا سکے۔

قبل ازیں گورنر سندھ نے تختی کی نقاب کشائی کرکے زیب النساء اسٹریٹ اور عبداﷲ ہارون روڈ پر چارجڈ پارکنگ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ دریں اثنا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے عباس ٹاؤن دھماکے میں متاثرہ زیر تعمیر فلیٹوں کا بھی معائنہ کیا۔