وزیرستان آپریشن: شہید ہونے والے سپاہی محمد راشد فیصل آباد میں سپرد خاک

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) آپریشن ضرب عضب میں جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی محمد راشد عدنان کو فیصل آباد میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ میت آبائی گاؤں لائی گئی تو فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

آپریشن ضرب عضب میں جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی محمد راشد عدنان کی نماز جنازہ فیصل آباد کے نواحی علاقے ساہیانوالہ چک جھرہ میں ادا کی گئی۔ جس کے بعدانہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

اس سے پہلے شہید جوان کی میت آبائی علاقے ساہیانوالہ لائی گئی تو فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ شہید راشد عدنان کے والد محمد رفیق کہتے ہیں بیٹے کی قربانی پر ناز ہے۔

ان کے بھائی آصف کہتے ہیں کہ ہمیں فخر ھے اس کی شہادت پر۔

محمد راشد نے تین سال قبل پاک فوج کی رجمنٹ 18 پنجاب میں بطور سپاہی شمولیت اخیتار کی۔ شہید کے دوست وقاص کا کہنا ہے کہ شہادت راشد کی ہمیشہ سے خواہش رہی۔

وقاص کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی ہمارے بیچ میں بیٹھتا تھا صرف شہادت کی بات کرتا تھا۔

نماز جنازہ میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں کی بہادری بے مثال ہے اور انہیں یقین ہے کہ فتح پاک فوج اور عوام کی ہی ہو گی۔