ہم یورپی اشیا کیلئے اپنا دروازہ کھولنے کیلئے تیار نہیں

Putin

Putin

روم (جیوڈیسک) روسی صدر ولادمیر پوٹن نے یورپی یونین اور یوکرائن کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو روسی معیشت کیلئے ”بڑا خطرہ” قرار دیدیا، ان کا کہنا ہے کہ روس یورپی اشیا کیلئے اپنے دروازہ کھولنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

اٹلی کے دورے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے روسی صدر ولادمیر پوٹن کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے روسی معیشت کو نقصان پہنچے گا کیونکہ یورپی اشیا روس میں بغیر واجبات ادا کئے پہنچنے لگیں گی۔

روس میں زراعت، کاروں اور جہازوں کی صنعتوں کو نقصان پہنچے گا اور اس سے بے روز گاری میں بھی اضافہ ہوگا۔ روس میں یورپی اشیا بغیر ٹیکس یا ڈیوٹی ادا کئے روسی مارکیٹوں میں پھیل جائیں گی کیونکہ روس اور یوکرائن میں پہلے ہی آزاد تجارتی معاہدہ موجود ہے۔

”ہم ابھی یورپی اشیا کیلئے اپنا دروازہ کھولنے کیلئے تیار نہیں ہیں”۔ صدر پوٹن نے یورپی اہلکاروں سے کہا کہ وہ اس معاملے میں تلخ الفاظ استعمال نہ کریں۔ کیا برسلز میں ہمارے دوست ہمیں تب ہی پسند کریں گے جب ہم ان کے لئے اپنی معیشت کے مکمل سیکٹرز قربان کر دیں۔

واضع رہے کہ یوکرائن نے یورپی یونین کے ساتھ مجوزہ معاہدے پر دستخط کرنا ملتوی کر دیا تھا جس کے بعد روس پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے یوکرائن پر معاہدہ نہ کرنے کے لیے دبا ڈالا تھا۔

اس کے بعد یوکرائن میں یورپی یونین کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنا احتجاج یورپی یونین کے سربراہی اجلاس تک جاری رکھیں گے۔

تاہم ملک کے رہنما کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے میں بہتر شرائط چاہتے ہیں۔ یوکرائن کے صدر وکٹور ینوکوچ کا کہنا ہے کہ جب اس معاہدے میں ایسی شرائط آ جائیں گی جن پر ہم راضی ہوں اور جو ہمارے مفاد میں ہوں تب ہم اس معاہدے پر دستخط کرنے کے بارے میں سوچیں گے۔