ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے‘ خلیج عرب‘ بحر عمان اور آبنائے ہرمز پر قبضہ کر سکتے ہیں : ایران

Iran

Iran

تہران (جیوڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ ان کا ملک خلیج عرب، بحر عمان اور آبنائے ہرمز پر قبضہ کر سکتا ہے۔ ایران کو کمزور ملک نہ سمجھا جائے۔ تہران ایک مضبوط دفاعی طاقت ہے جو اپنے دشمن کو ہر محاذ پرشکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ ان کا ملک اس وقت ایک نمایاں دفاعی قوت بن چکا ہے۔

انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ایران کی بحریہ خلیج عرب، آبنائے ھرمز اور بحر عمان پر کسی بھی وقت قبضہ کر سکتی ہے۔جنرل جعفری کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا جب ایران نے خلیج عرب میں بحری اور فضائی مشقیں شروع کر رکھی ہیں۔ جنگی مشقوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے جنرل جعفری نے کہا کہ مشقوں میں ایرانی فوج نے اپنے ابتدائی اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ ایران نے مشقوں کے دوران جو میزائل داغے تھے وہ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ایرانی جنرل کا کہنا تھا کہ ہم نے دنیا کو متعدد مرتبہ یہ پیغام بھیجا ہے کہ ہم اپنے دشمن ممالک کو خطے میں اپنے اثر و رسوخ کو بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ضرورت پڑی تو ہم خلیج عرب پر قبضہ کر سکتے ہیں۔تاہم جنرل جعفری نے جنگی مشقوں کے حوالے سے خلیجی ممالک کو مطمئن کرنے کی بھی کوشش کی اور کہا کہ اگرچہ جنگی مشقوں میں ایران نے اپنی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے مگر ہم خطے کے تمام ممالک کو امن وآشتی کا پیغام بھی دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خلیج عرب اور آبنائے ہرمز میں امن وامان کا قیام ایران اور خلیج سب کے مفاد میں ہے۔ دریں اثنا پاسداران انقلاب گارڈز کا ہیلی کاپٹر تہران میں گر کر تباہ ہو گیا۔ جس سے 3 فوجی ہلاک ہو گئے۔