کمزور بولنگ کے سامنے کامران بھی جوش میں آگئے

kamran Akmal

kamran Akmal

کراچی (جیوڈیسک) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز نے دفاعی مہم کی ابتدا میں ڈیرہ مراد جمالی کو 122 رنز سے ہرا دیا، کمزور بولنگ کے سامنے کامران اکمل بھی جوش میں آگئے، انھوں نے 40 گیندوں پر 70 کی برق رفتار اننگزکھیلی، 178 کا تعاقب کرنے والی حریف ٹیم 55 پر ڈھیر ہوگئی۔ ایبٹ آباد فالکنز نے بہاولپور اسٹیگزکو 52 رنز سے قابو کرلیا، اسلام آباد لیپرڈز نے آزاد جموں و کشمیر جیگوارز کو 34 رنز سے ہرایا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں گروپ ’سی‘ اور ’ڈی ‘ کے میچز کا آغاز ہو گیا، دفاعی چیمپئن لاہور لائنز نے ڈیرہ مراد جمالی کو 122رنز کے بڑے مارجن سے پچھاڑ دیا، فاتح ٹیم نے 4 وکٹ پر 177 رنز جوڑے، کامران اکمل نے 40 گیندوں پر 70 رنز بٹورے، ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 1 چھکا شامل رہا، امام الحق 38 اور عابد علی 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شبیر علی نے 2 وکٹیں لیں، ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کرنے والی ناکام سائیڈ 14 اوورز میں 55 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نجیب اللہ (22) اور عابدعلی (12) ہی انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے میں پہنچا پائے، اظہرعلی نے 3 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا، آفتاب احمد نے اتنی ہی وکٹیں 15 کے عوض اپنے نام کیں۔ ایبٹ آباد فالکنز نے بہاولپور اسٹیگزکو 52 رنز سے قابو کرلیا، ٹاس جیت کر فالکنز نے 5 وکٹ پر 174 رنز جوڑے، فخرزمان 60،کامران غلام 36، یاسر حمید 35 اور عدنان رئیس 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے، مدثر اور حامدعلی نے 2،2 شکار کیے۔

اسٹیگز 9 وکٹیں گنوا کر 122 رنز ہی بنا سکے، کامران حسین نے 30 گیندوں پر 46 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، اوپنر نعیم الدین کے 27 رنز بھی نمایاں رہے، احمد جمال نے 3 جبکہ فضل ربی اور شکیل احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔ اسلام آباد لیپرڈز نے آزاد جموں و کشمیر جیگوارز کو 34 رنز سے ہرادیا، فاتح الیون نے 5 وکٹ پر 149 رنز اسکور کیے، زوہیب احمد 46 اور نعیم انجم 13 پر ناٹ آؤٹ رہے، عماد وسیم نے 27 رنز بنائے، نقاش بشارت اور ارسلان عارف نے 2،2 وکٹیں لیں، ناکام الیون 19 اوورز میں 115 رنز پر حوصلہ ہاربیٹھی، حسن رضا جونیئر 28 رنز بناکر نمایاں رہے، شہزاد اعظم اور رضا حسن نے 3،3 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا۔